Time 12 ستمبر ، 2017
پاکستان

این اے 120: سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی کا کلثوم نواز کی حمایت کا اعلان

ملتان: سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں کلثوم نواز کی حمایت کا اعلان کردیا۔

نوازشریف کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی نشست این اے 120 پر ضمنی انتخاب 17 ستمبر کو ہوگا جس کے لیے تیاریاں حتمی مراحل میں ہیں۔

مسلم لیگ (ن) نے کلثوم نواز کو حلقے سے امیدوار نامزد کیا ہے اور ان کے مدمقابل تحریک انصاف کی رہنما یاسمین راشد ہیں جب کہ کلثوم نواز کی انتخابی مہم ان کی صاحبزادی مریم نواز چلا رہی ہیں۔

ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا کہ کلثوم نواز میری بہن ہیں، انہوں نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا جب کہ وہ مجھے پارٹی میں بھی دوبارہ واپس لائیں۔

جاوید ہاشمی نے کلثوم نواز کی کامیابی کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ اگر کلثوم نواز نے 50 ہزار ووٹ لیے تو ان کے مقابلے میں یاسمین راشد 12 سے 13 ہزار ووٹ لے سکیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کلثوم نواز کو اس حلقے میں ہرانا بہت مشکل ہوگا، اگر حکومتی اثرورسوخ سے باہر کی بھی بات کی جائے تو بھی یہ مسلم لیگ (ن) کا حلقہ ہے۔

واضح رہے کہ جاوید ہاشمی تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے سے قبل مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماؤں میں شامل تھے تاہم انہوں نے 2014 میں تحریک انصاف سے بھی کنارہ کشی اختیار کرلی۔

مزید خبریں :