13 جولائی ، 2012
نئی دہلی … دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار بھارت کے شہر گوہاٹی میں ایک لڑکی کو تقریباً 20 افراد نے سر عام مارا پیٹا، نہ کوئی روکنے والا تھا نہ کوئی پوچھنے والا۔پولیس کو بھی واقعے کے 3 دن ہوش آیا۔ بھارتی شہر گوہاٹی میں شراب خانے کے سامنے لگ بھگ 20 افراد نہتی لڑکی کو تشدد کا نشانہ بناتے رہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ ایک پب میں پارٹی کے دوران کسی جھگڑے کی وجہ سے پیش آیا، شراب خانے میں لڑکی اپنے دوست کی سالگرہ میں شرکت کرنے آئی تھی، جہاں کچھ تنازع ہوا اور 15 ، 20 افراد ایک نہتی لڑکی پر ٹوٹ پڑے ، آوٴ دیکھا نہ تاوٴ، اسے سرعام سڑک پر گھسیٹا، بال کھینچے ، لاتیں اور مکے مارے ، یہ مارپیٹ آدھے گھنٹے تک جاری رہی۔ پیر کی رات پیش آنے والے واقعے پر 3 دن بعد پولیس ہوش میں آئی،جس کے بعد 7 افراد کو شناخت کرلیا گیا، جن میں 3 گرفتار ہوگئے جبکہ 4 کی تلاش جاری ہے۔ نیشنل کمیشن فار ویمن کی چیئرپرسن ممتا شرما کا کہنا ہے کہ کمیشن واقعے پر ازخود نوٹس لے گا۔