دنیا
Time 16 ستمبر ، 2017

لندن میٹرو اسٹیشن پر دھماکے کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی

لندن میں زیر زمین میٹرو ریلوے اسیٹشن میں ہونے والے دھماکے کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم داعش نے قبول کرلی۔

گزشتہ روز مغربی لندن میں انڈر گراؤنڈ میٹرو ریلوے اسٹیشن میں ہونے والے دھماکے میں درجنوں افراد زخمی ہوئے۔

دھماکا ایک ٹرین میں ہوا جو اسٹیشن پر کھڑی تھی، دھماکے کے وقت ٹرین مسافروں سے بھری ہوئی تھی جب کہ دفاتر کا وقت ہونے کے باعث اسٹیشن پر بھی مسافروں کا رش تھا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق پولیس نے حملے میں مبینہ طور پر ملوث شخص کی شناخت سی سی ٹی وی ویڈیو کی مدد سے کرنے کا دعویٰ کیا ہے تاہم اس کے بارے میں معلومات ظاہرنہیں کی گئی۔

جب کہ لندن میں دہشت گردی کے خطرات کی سطح میں اضافہ کرتے ہوئے اسے کریٹیکل درجے پر کردیا گیا ہے اور شہر کے اہم مقامات پر فوج کو تعینات کردیا گیا ہے۔

میٹروپولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات انسدادِ دہشت گردی ونگ کو سونپ دی گئی ہے اور اب تک ملنے والے شواہد سے لگتا ہے کہ دھماکا دہشت گردی تھی جب کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ کا بھی کہنا تھا کہ اس واقعے کو دہشت گردی کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔

دوسری جانب برطانوی وزیر اعظم ٹیریزامے نے اپنے بیان میں حملے کو بزدلانہ قرار دیتے ہوئے لندن کے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے معمولات جاری رکھیں جب کہ صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے انہوں نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔

تاہم برطانوی وزیراعظم نے ملک میں ایک اور حملے کے خدشے سے خبردار بھی کیا ہے۔

علاوہ ازیں لندن کے میئر صادق خان نے کہا کہ دارالحکومت کی سڑکوں پر مزید پولیس فورس تعینات کی جائے گی تاکہ شہریوں کی سیکیورٹی یقینی بنائی جاسکے۔

مزید خبریں :