18 ستمبر ، 2017
تحریک انصاف کے منحرف رہنما اکبر ایس بابر کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی دستاویزات جعلی ہیں جس کا پول کھولیں گے اور عمران خان کو اب بھاگنے کا موقع نہیں ملے گا۔
الیکشن کمیشن میں پارٹی فنڈنگ کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ پارٹی فنڈنگ کیس نومبر 2014 سے زیر سماعت ہے لیکن آج پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن میں وہی دستاویزات جمع کرائیں جو سپریم کورٹ میں دی تھیں جب کہ پی ٹی آئی کی دستاویزات میں منی ٹریل نہیں ہے۔
اکبر ایس بابر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے جمع کرائی گئی دستاویزات جعلی ہیں جس کا کوئی ریکارڈ نہیں جب کہ پی ٹی آئی نے جو ریکارڈ سپریم کورٹ میں جمع کرایا اس میں 628 صفحات ایکسل شیٹس ہیں۔
پی ٹی آئی کے منحرف رہنما نے کہا کہ تحریک انصاف نے یہ بھی کہا کہ ان کی دستاویزات اکبر ایس بابر کو نہ دکھائی جائیں تاہم ہم پی ٹی آئی کی دستاویزات کا پول کھولیں گے اور آج کی پیشرفت کے بعد عمران خان کو اب چھپنے کا راستہ نہیں مل سکے گا۔
اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ کل کے ضمنی انتخاب اس بات کا ثبوت ہےکہ لوگ سچائی کے راستے کی تبدیلی کے خواہاں ہیں، عمران خان سے پوچھتا ہوں کہ قوم نے نئی سمت کیوں نہیں ڈھونڈی۔