18 ستمبر ، 2017
پشاور: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے کہا تھا کہ وہ ان کے اقتدار کے چار سال تک سیاست نہیں کریں گے لیکن آخری سال سیاست کریں گے اور کر بھی رہے ہیں۔
پشاور میں اسد گلزار خان کے اہلخانہ سے تعزیت کیلیے انکی رہائش گاہ آمد کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ این اے 120 لاہور میں مسلم لیگ نواز کی فتح کے بعد مریم نواز کا بیان سن لیں، اس میں بہت کچھ ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ میں نے میاں صاحب کو لندن میں کہا تھا کہ شہزادہ سلیم نہ بنیں لیکن یہ بادشاہ بن گئے تھے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر نواز شریف نے میثاق جمہوریت پر عمل کرنا ہوتا تو ہمارے لوگ جیلوں میں نہ ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کو نوجوانوں کی سخت ضرورت ہوتی ہے، ہم نے این اے 120 سے جیالے کو امیدوار بنایا، ہر سیاسی جماعت کو چاہیے کہ وہ اپنے ساتھ نوجوانوں کو شامل کرے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کو اس نوجوان قیادت کے ذریعے بچانا ہے اور انہیں نوجوان قیادت سے بہت امیدیں ہیں۔