پاکستان
Time 26 ستمبر ، 2017

عمران خان نااہلی کیس: کس رقم سے جمائما بنی گالہ زمین کی مالکن بنیں؟ چیف جسٹس

اسلام آباد: سپریم کورٹ میں عمران خان نااہلی کیس کی سماعت ہوئی جس میں چیف جسٹس نے عمران خان کے وکیل نعیم بخاری سے استفسار کیا کہ کس رقم سے جمائما بنی گالہ کی زمین مالک بنیں اور انہیں قرض کی ادائیگی کا کوئی ریکارڈ ہوگا؟

سپریم کورٹ میں عمران خان نااہلی کیس کی آخری سماعت 12 ستمبر کو ہوئی تھی جس میں چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے تھے کہ کیس میں ہرنقطے کا الگ الگ جائزہ لیں گے جب کہ عدالت نے مزید سماعت آج تک کے لیے ملتوی کی تھی۔

عمران خان کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ اور اثاثے چھپانے کے الزام پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کی جانب سے درخواست دائر کی گئی ہے جس پر آج پھر سماعت ہوئی۔

چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے تین رکنی بینچ نے سماعت کی جس میں عمران خان کے وکیل نعیم بخاری نے دلائل دیئے۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے کہا کہ 18 اپریل کو عمران نے 5 لاکھ 62 ہزار پاؤنڈ جمائما کے اکاؤنٹ میں بھیجنے کی ہدایات دیں جس پر نعیم بخاری نے بتایا کہ تمام دستیاب رکارڈ عدالت میں جمع کرادیا ہے۔

نعیم بخاری نے دلائل میں کہا کہ جمائما بنی گالہ اراضی عمران خان کو نہ دیتی تو کچھ نہیں ہوسکتا تھا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ زمین جمائما کے لیے خریدنے کا مؤقف بیان حلفی میں اپنایا گیا، جمائما کو قرض کی ادائیگی کا کوئی رکارڈ ہوگا؟ 

چیف جسٹس کے استفسار پر نعیم بخاری نے بتایا کہ بنی گالہ اراضی کے 4 انتقال جمائما خان کے نام پر ہوئے جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیاکہ جمائما کے نام انتقال کی نوعیت کیا تھی؟ نوعیت کے بغیر مفروضہ ہوگا کہ خاوند نے بیوی کےنام پر بے نامی جائیداد خریدی۔

نعیم بخاری نے کہا کہ عمران خان نے گوشواروں میں یہ رقم بطور تحفہ ظاہر کی جس پر جسٹس عمر عطا بندیال کا کہنا تھا کہ 2003کے رکارڈ کے مطابق نیازی سروسز لمیٹڈ کا اکاؤنٹ بینک میں موجود ہی نہیں تھا۔ 

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ وہ اکاؤنٹ بھی بتا دیں جس سے 5لاکھ 62ہزار پاؤنڈ ادا کیے گئے، اس اکاؤنٹ سے ہی جمائما کو رقم ادا کی گئی، آپ کے مطابق لندن فلیٹ کے فروخت کی رقم نیازی سروسز کےاکاؤنٹ میں جمع کرائی گئی، لندن سے بھیجی رقم عمران خان نے جمائما سے بطور قرض لی۔

نعیم بخاری نے جواب دیا کہ لندن سے جو رقم بھیجی گئی اس سے جمائما زمین کی مالک بنی، جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کس رقم سے جمائما خان زمین کی مالک بن گئی؟ جمائما کی جائیداد سے متعلق قانونی حیثیت کیا تھی؟کیا جمائما جائیداد کی مالک تھی یا بے نامی دار؟ 

نعیم بخاری نے کہا کہ جمائما خان نے 20ہزار پاؤنڈ بھی لندن سے بھیجے تھے، انہوں نے 6 لاکھ 60 ہزار ڈالر سے زائد رقم پاکستان بھیجی اور ان ٹرانزیکشنز کا رکارڈ دستیاب نہیں۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ایک لاکھ 26ہزار ڈالر کا رکارڈ موجود نہیں، اس پر نعیم بخاری نے کہا کہ اصل رکارڈ عدالت کے جائزے کے لیے پیش کررہے ہیں، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ جمائما کو رقم کیش تو نہیں دی گئی۔

چیف جسٹس نے کہا کہ جمائما خان کے جس اکاؤنٹ میں رقم بھیجی گئی اس کا رکارڈ تو ہوگا؟ اس دوران عمران خان کے اکاؤنٹنٹ نے بتایا کہ جمائما کے برطانیہ کے اکاؤنٹس تک میری رسائی نہیں۔

نعیم بخاری کا کہنا تھا کہ مزید رکارڈ کی تلاش کی کوشش کی جاسکتی ہے، کل تک جتنی دستاویزات ملیں پیش کردوں گا۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا، کیا رقم کی ادائیگی نیازی سروسز کے اکاؤنٹ سے ہوئی؟ عمران خان کی کتاب رائلٹی نیازی سروسز کے اکاؤنٹ میں کیوں آتی رہی؟ آپ کا مؤقف ہے کہ کمپنی صرف فلیٹ خریداری کے لیے بنائی گئی، آپ کہتے ہیں کہ یہ شیل کمپنی تھی۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ 75ہزار پاؤنڈ عمران خان کی کمپنی کے اکاؤنٹ میں کیمن آئی لینڈ سے آئے، معلوم نہیں یہ رقم بھیجنے کے ذرائع کیا ہیں؟ 

چیف جسٹس نے کہا کہ ممکن ہے عمران خان نے رقم کیمن آئی لینڈ میں رکھی ہو؟ جسٹس عمر عطا بندیال کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر اکرم شیخ معاونت کریں اور یہ ذہن میں رکھیں عمران خان عالمی کرکٹر تھے، ان پر منی لانڈرنگ کا الزام نہیں لگا۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ عمران خان نے قرض لینا اور واپس کرنا تسلیم کیا ہے، کیا ثبوت ہے کہ تمام رکارڈ درست ہے؟ 

دوران سماعت حنیف عباسی کے وکیل اکرم شیخ نے کہاکہ عمران خان نے پہلے دن سے ایک کے بعد دوسرا موقف اختیار کیا۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت 28 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

واضح رہےکہ حنیف عباسی نے کیس میں عمران خان کی نااہلی کی استدعا کی ہے۔

مزید خبریں :