کھیل
Time 02 اکتوبر ، 2017

ابو ظہبی ٹیسٹ: پاکستان آسان ہدف حاصل کرنے میں ناکام، سری لنکا سے شکست

سری لنکا نے پاکستان کو ابو ظہبی ٹیسٹ میں 21 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں ایک، صفر کی سبقت حاصل کرلی ہے۔

ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ کے آخری روز مہمان سری لنکا نے پاکستان کو جیت کے لئے 136  رنز کا ہدف دیا تاہم آسان ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لڑکھڑا گئی۔

گزشتہ 20 سالوں میں یہ پہلا موقع ہے جب پاکستان 150 سے کم ہدف کے تعاقب میں ناکام رہا۔ آخری مرتبہ 1997 میں فیصل آباد کے مقام پر گرین شرٹس جنوبی افریقہ کے 146 رنز کے جواب میں 92 رنز پر ڈھیر ہوگئے تھے۔

ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کے اوپنر سری لنکن بولنگ کا سامنا نہ کرسکے ، شان مسعود 7 اور سمیع اسلم صرف 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اوپنرز کے بعد آنے والے بلے بازوں نے بھی ’تو چل میں آیا‘ کی لائن پکڑے رکھی اور اظہر علی کھاتا کھولے بنا ہی لکمل کا شکار ہوگئے جب کہ پریرا نے بابر اعظم کو 3 رنز پر چلتا کردیا۔

36 رنز کے مجموعی اسکور پر اسد شفیق 20 نرز بناکر ہیراتھ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

چائے کے وقفے کے بعد کپتان سرفراز احمد بھی 19 رنز کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔

حارث سہیل نے سری لنکن بولرز کے سامنے کچھ مزاحمت کی تاہم وہ بھی 34 رنز کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستانی اختتامی بلے باز پہلی اننگز کی طرح کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور پاکستان کی اننگز 114 پر اختتام پذیر ہوگئی۔

رنگنہ ہیراتھ نے ایک مرتبہ پھر پاکستانی بلے بازوں کو مشکل میں ڈالا اور 6 وکٹیں حاصل کیں جبکہ دلروان پریرا تین اور سرنگا لکمل ایک وکٹ کے ساتھ نمایاں رہے۔

ہیراتھ کو شاندار بولنگ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس سے قبل یاسر شاہ نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ محمد عباس نے 2، حسن علی، اسد شفیق اور حارث سہیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ 

سری لنکا کی جانب سے وکٹ کیپر بلے باز نروشن ڈکویل 40 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ کشال سلوا 25، کشال مینڈس 18 اور سرنگا لکمل 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔مہمان ٹیم کے 6 بلے باز ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہوسکے۔

ٹیسٹ کے آخری روز کھیل کا آغاز ہوا تو مہمان ٹیم نے 69 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ اننگز کا آغاز کیا لیکن محمد عباس اور یاسر شاہ نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے ہی سیشن میں تمام کھلاڑیوں کو پویلین بھیج دیا۔

فوٹو: اے ایف پی

73 کے مجموعی اسکور پر مینڈس 18 اور سرنگا لکمل 86 کے مجموعے پر 13 رنز بنا کر محمد عباس کا شکار بنے۔

مہمان ٹیم کا اسکور 101 تک پہنچا تو یاسر شاہ نے ایک ہی اوور میں 2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیج کر سری لنکن ٹیم کی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی، دلرووان پریرا 6 اور رنگنہ ہیراتھ کوئی رنز نہ بناسکے۔ 

آٹھویں وکٹ پر ڈکویل اور سنداکن نے 34 رنز جوڑے اور ٹیم کا مجموعی اسکور 135 تک پہنچا تو سنداکن 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ آخری آؤٹ ہونے والے بلے باز فرننڈو تھے جنہیں حسن علی نے بولڈ کیا، بلے باز ڈکویل 40 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

کھیل کا چوتھا روز

کھیل کے چوتھے روز پاکستان کی پوری ٹیم 422 رنز پر پویلین لوٹ گئی تھی جس کے بعد اسے مہمان ٹیم پر 3 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔ 

پاکستان اختتامی بلے بازوں نے حارث سہیل کے ہمراہ سری لنکن بولرز کا جم کر مقابلہ کیا اور ٹیم کو مشکل صورت حال سے نکالا۔

حارث سہیل نے اپنے پہلے ہی میچ میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 76 رنز بنائے۔ حسن علی نے ان کا ساتھ دیتے ہوئے اسکور میں 29 رنز کا اضافہ کیا۔

سری لنکا کی جانب سے رنگنہ ہیراتھ نے پانچ، سرنگا لکمل اور نوان پرادیپ نے دو، دو جبکہ دلروان پریرا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 

پہلی اننگز کی ہی طرح سری لنکا کا دوسری اننگز میں بھی آغاز اچھا نہ رہا۔ 

دیمتھ کرونارتنے 10، کوشل سلوا 25، لہیرو تھری مانے 7 اور کپتان دنیش چندی مل 7 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

قومی ٹیم نے کھیل کے چوتھے روز 266 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو اظہر علی 74 اور حارث سہیل صفر رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

دونوں بلے بازوں نے محتاط انداز اپناتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا لیکن 294 کے مجموعے پر اظہر علی 85 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

نئے آنے والے بلے باز کپتان سرفراز احمد نے رنز بنانے میں تیزی دکھائی لیکن وہ بھی 316 کے مجموعی اسکور پر لکمل کی گیند پر بولڈ ہوگئے، سرفراز احمد نے ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 21 گیندوں پر 18 رنز بنائے۔

ساتویں آؤٹ ہونے والے بلے باز محمد عامر تھے جو صرف 4 رنز بنا سکے جس کے بعد یاسر شاہ 8 اور حسن علی 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

قومی ٹیم کی جانب سے اظہر علی 85 اور اور حارث سہیل 76 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، مہمان ٹیم کے رنگانا ہیراتھ نے 5، سرنگا لکمل اور نوان پرادیپ نے 2،2 جب کہ دلروان پریرا نے ایک وکٹ حاصل کی۔ 

خیال رہے کہ سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں 419 رنز بنائے جس کے جواب میں کھیل کے تیسرے روز کے اختتام تک قومی ٹیم نے چار وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنا لئے تھے۔

میزبان ٹیم کی جانب سے شان مسعود 59، سمیع اسلم 51، اسد شفیق 39 اور بابراعظم 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

مزید خبریں :