نئے آئی فون 8 پلس میں شکایتیں موصول ہونے لگیں

نیا آئی فون8 روز گولڈ کی تصویر جسے تائیوان کے صارف نے شیئر کیا۔ 

حال ہی میں ایپل کی جانب سے متعارف کئے گئے آئی فون 8 پلس میں شکایتیں موصول ہونا شروع ہوگئیں۔ 

دنیا بھر میں آئی فون 8 پلس کی فروخت کا سلسلہ 22 ستمبر کو شروع ہوا اور ریلیز کے ساتھ ہی ہزاروں افراد نے اس کی خریداری کی لیکن اب اس کی بیٹری سے متعلق شکایات موصول ہورہی ہیں۔ 

نئے آئی فون 8 پلس کی شکایت تائیوان اور جاپان سے موصول ہوئیں اور چند خریداروں نے  سماجی رابطہ سائٹ ٹوئٹر پر اپنی شکایت کا اظہار بھی کیا۔

تائیوان سے تعلق رکھنے والے ایک خریدار نے اپنی ٹوئٹ میں نئے سوختہ آئی فون 8 پلس کی تصویر شیئر کی اور کہا کہ یہ چارجنگ پر تھا اور جب 70 فیصد چارج ہونے پر اسے چارجنگ کیبل سے الگ کیا تو اس میں شعلہ بھڑک اٹھا۔ 

تائیوان کے خریدار کا کہنا تھا کہ انہیں آئی فون بے حد پسند ہے اور نئے آئی فون 8 پلس کی خریداری کے تین روز بعد ہی اس کی بیٹری نے مایوس کیا۔

جاپان سے بھی بعض خریداروں نے نئے آئی فون 8 پلس کی ایسی تصاویر شیئر کیں جس میں موبائل سیٹ کو جلا ہوا دیکھا جاسکتا ہے۔


دوسری جانب ایپل کمپنی کا کہنا ہے کہ لوگ کچھ افواہوں کی بنا پر اس قسم کی شکایت کو پھیلا رہے ہیں تاہم اس حوالے سے مکمل طور پر جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر ایک یا دو موبائل سیٹ میں مسئلہ پایا گیا ہو تاہم اس کا ہر گز یہ مطلب نہیں کہ ہر سیٹ خراب ہے، لیکن اگر اس قسم کی شکایت کا صارفین کو سامنا ہے تو اس پر کام جاری ہے۔

مزید خبریں :