فون صحیح چارج نہیں ہو رہا؟ تو مسئلے کے حل کیلئے یہ آسان طریقہ آزمائیں

فون چارجنگ صحیح نہ ہونا ایک بہت عام مسئلہ ہے / فائل فوٹو
فون چارجنگ صحیح نہ ہونا ایک بہت عام مسئلہ ہے / فائل فوٹو

آپ اپنے اینڈرائیڈ یا آئی فون کو چارجنگ کیبل پر لگاتے ہیں مگر وہ چارج نہیں ہو رہا تو اس کی وجہ کیا ہے؟

ویسے تو خراب چارجنگ پورٹ اور ناقص کیبل یا اڈاپٹر سمیت ایسی متعدد وجوہات ہیں جن کے باعث فون چارج نہیں ہوتا۔

ان وجوہات پر گھر میں رہتے ہوئے قابو پانا بھی کافی مشکل ہوتا ہے، مگر پورٹ میں گرد یا کچرا جمع ہونا بھی ناقص چارجنگ کی ایک عام وجہ ہے۔

جی ہاں جیب یا پرس میں فون رکھنے سے بتدریج دھاگے کے ریشے اور گرد وغیرہ چارجنگ پورٹ میں جمع ہو جاتے ہیں جس کے باعث کیبل صحیح طریقے سے کام نہیں کرتی۔

یہ ایک عام مسئلہ ہے جس کا سامنا کسی بھی قسم کی چارجنگ پورٹ والے آئی فون یا اینڈرائیڈ فون کو ہو سکتا ہے۔

اچھی بات یہ ہے کہ اس مسئلے کو حل کرنا بہت آسان ہوتا ہے اور خرچہ کرنے کی بھی ضرورت نہیں ہوتی۔

چارجنگ پورٹ بلاک کیوں ہوتی ہے؟

ہمارے فون کی چارجنگ پورٹ پر کوئی کور نہیں ہوتا، یعنی اس میں گرد اور دیگر کچرا آسانی سے اکٹھا ہو سکتا ہے۔

ہر گزرتے دن، ہفتے یا مہینوں کے ساتھ یہ کچرا فون کی چارجنگ پورٹ میں اکٹھا ہوتا رہتا ہے جس کے باعث چارجنگ کیبل کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے۔

اگر آپ کسی فون کو 6 ماہ سے زائد عرصے سے استعمال کر رہے ہیں اور بتدریج اسے چارج ہونے میں زیادہ وقت لگنے لگا ہے، تو اس بات کا قوی امکان ہے کہ پورٹ میں موجود کچرا اس کی وجہ ہے۔

تو چارجنگ پورٹ کی صفائی کیسے کریں؟

اس کا حل بہت آسان ہے۔

لکڑی یا پلاسٹک سے بنی ٹوتھ پک یا ایسی ہی کوئی باریک چیز استعمال کرکے آپ چارجنگ پورٹ میں جمع کچرے کی صفائی کر سکتے ہیں۔

سوئی سے بھی یہ کام کیا جا سکتا ہے مگر درست طریقے سے اسے استعمال نہ کرنے سے فون کی چارجنگ پورٹ کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

تو ٹوتھ پک یا منتخب کی گئی چیز کو چارجنگ پورٹ میں داخل کرکے اسے نرمی سے کھرچنا شروع کریں۔

یو ایس بی سی پورٹ والے فونز میں چارجنگ کنکٹر کے اردگرد کھرچنا ہوتا ہے جو پورٹ کے وسط میں ہوتا ہے۔

ایسا کرنے سے پورٹ میں جمع کچرا اپنی جگہ چھوڑنے لگتا ہے اور اسے باہر نکالنا آسان ہو جاتا ہے۔

ایسا کرنے کے دوران آپ یہ دیکھ کر حیران ہر جائیں گے کہ کتنا کچرا پورٹ کے اندر جمع ہے۔

پورٹ کے اطراف میں بھی نرمی سے یہ کام کریں مگر زیادہ طاقت سے کھرچنے سے گریز کریں کیونکہ چارجنگ کنکٹرز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

جب کافی مقدار میں کچرا باہر نکل جائے تو پھر فون کو چارج کریں۔

ایسا کرنے سے امید ہے کہ فون درست طریقے سے چارج ہونے لگے گا، تاہم ایسا نہ ہونے پر چارجنگ پورٹ کی دوبارہ صفائی کریں۔

اگر پھر بھی مسئلہ حل نہ ہو تو پھر کسی دوسرے حل جیسے نئی کیبل یا اڈاپٹر کو خریدنے پر غور کریں۔