پاکستان
Time 03 اکتوبر ، 2017

وائس ایڈمرل ظفر محمود عباسی ترقی پاکر نئے نیول چیف مقرر

صدر مملکت ممنون حسین نے وائس ایڈمرل ظفر محمود عباسی کو ایڈمرل کے عہدے پر تقرری کی منظوری دے دی۔

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکاء اللہ 6 اکتوبر کو عہدے سے ریٹائرڈ ہوں گے جب کہ صدر مملکت ممنون حسین نے وائس ایڈمرل ظفر محمود عباسی کو ایڈمرل کے عہدے پر تعیناتی کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وائس ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی تعیناتی کی سمری صدر مملکت کو بھجوائی تھی اور تبدیلی کمانڈ کی تقریب 7اکتوبر2017 کواسلام آباد میں منعقد ہوگی۔

 ترجمان پاک بحریہ کے مطابق وائس ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے 1981میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا اور کمیشننگ کے موقع پر پاکستان نیول اکیڈمی سے اعزازی شمشیر حاصل کی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ وائس ایڈمرل ظفر محمود عباسی کو کمانڈ اینڈ اسٹاف عہدوں پر کام کرنے کا وسیع تجربہ ہے جب کہ وہ کمانڈر پاکستان فلیٹ ، کمانڈر کوسٹ اور کمانڈر لاجسٹکس کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔

وائس ایڈمرل ظفر محمود عباسی ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (آپریشنز) کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں اور کثیرالملکی ٹاسک فورس150-کی کمانڈ بھی کی ہے۔ 

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق وائس ایڈمرل ظفر محمود عباسی اس وقت چیف آف اسٹاف کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں اور انہیں غیر معمولی پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں ہلالِ امتیاز (ملٹری ) اعزاز سے نوازا جا چکا ہے۔ 

خیال رہے کہ ایڈمرل ذکااللہ نے 2 اکتوبر 2014 کو بطور پاک بحریہ کے سربراہ کی حیثیت سے خدمات سنبھالیں اور تین سال تک اس عہدے پر فائز رہے ہیں۔ 

مزید خبریں :