پاکستان
14 جولائی ، 2012

امہ ویلفیئر کے تحت 10لاکھ مستحقین میں رمضان فوڈ پیکیج تقسیم کئے جائینگے

پشاور…نمائندہ خصوصی…دنیا بھر کے25ممالک میں غریب اور مستحقین کی مدد کرنے والے فلاحی ادارے امہ ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل کی طرف سے پاکستان افغانستان ،کشمیر ،فلسطین، شام، عراق، صومالیہ اور بیس دوسرے ممالک میں85 کروڑ روپے کی لاگت سے دس لاکھ غرباء میں رمضان فوڈ پیکیج کی تقسیم کا آغاز کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں امہ ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل کے چیئرمین مولانا محمد ادریس کی خصوصی ہدایت پر امہ چلڈرن اکیڈمی میں زیر تعلیم ایک ہزار یتیم بچوں میں فوڈ پیکیج اور عید گفٹ تقسیم کئے گئے ،زیر تعلیم ایک ہزار بچوں میں وزیرستان اور سوات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والوں کے یتیم بچے بھی شامل ہیں۔ امہ ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل کے کنٹری ڈائریکٹر صاحبزادہ سید عمران شاہ اور میڈیا کوآرڈینیٹر شیر علی خان نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رمضان فوڈ پیکیج 80کلو گرام پر مشتمل ہے جس میں آٹا، چاول، گھی، چینی، نمک، مرچ اور دالوں کے علاوہ سحری و افطاری کی ضروریات کی دوسری اشیاء میں شامل ہیں جبکہ فوڈ پیکیج اس افراد کے خاندان کے لئے ایک ماہ کے لئے کافی ہے۔ امہ چلڈرن اکیڈمی میں زیر تعلیم بچوں نے رمضان فوڈ پیکیج کی وصولی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امہ ویلفیئر ٹرسٹ کی طرف سے ان کی یتیمی و محرومی کے احساس کو مٹا دیا گیا ہے انہیں نہ صرف مفت اعلیٰ تعلیم دی جا رہی ہے بلکہ ان کے گھرانوں کی کفالت بھی کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے ہزاروں بیوائیں برطانیہ کے مخیر مسلمانوں کی مدد پر ان کے لئے دعا گو ہیں۔ امہ ویلفیئر ٹرسٹ کی طرف سے رمضان فوڈ پیکیج راولپنڈی، نوشہرہ، چارسدہ، مردان، رسالپور، دیر، سوات، بدین، عمر کوٹ، مظفر گڑھ، مظفر آباد، باغ اور راولا کوٹ میں بھی تقیسم کئے جائیں گے۔

مزید خبریں :