15 اکتوبر ، 2017
اسلام آباد: شہرہ آفاق باکسر محمد علی مرحوم کی اہلیہ خلیلہ کماچو علی نے آج پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان کا دورہ کیا ۔
اپنے دورے کے دوران وہ فلائنگ ٹریننگ ونگ بھی گئیں ۔ 830 گھنٹے فلائنگ کا تجربہ رکھنے والی ہواباز کے ناطے انہوں نے پرائمری فلائنگ ٹریننگ ونگ کے سُپر مشاق جہاز میں بیٹھ کر ایک تربیتی مشن میں حصہ بھی لیا۔
بعد ازاں انہوں نے فلائنگ انسٹرکٹرز اور ایوی ایشن کیڈٹس سے بات کرتے ہوئے اکیڈمی کے فلائنگ انسٹرکٹر ز کی پیشہ وارانہ مہارت اور اعلی تربیت کی تعریف کی۔
انہوں نے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے انہیں اس عظیم اکیڈمی میں آنے کی دعوت دی اور تربیتی جہاز میں پرواز کرنے کا موقع فراہم کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ تجربہ ان کی زندگی کے ناقابل فراموش واقعات میں سے ایک ہے۔
قبل ازیں انہوں نے مصحف سکواش کمپلکس میں ہونے والے خواتین کے سکواش مقابلوں کا فائنل بھی دیکھا ۔جہاں انہوں نے پاکستانی خواتین کے لیے سکواش کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے سلسلے میں پاکستان سکواش فیڈریشن کی پُر خلوص کاوشوں کو سراہا۔