23 اکتوبر ، 2017
اسلام آباد: پاکستان میں چینی سفیر کے قتل کی سازش کا منصوبہ بننے کا انکشاف ہوا ہے۔
جیونیوز کےمطابق چینی سفارت خانے کی جانب سے وزارت داخلہ کو ایک خط لکھا گیا ہے جس میں چینی سفیر کے قتل کی سازش کا منصوبہ بننے کا انکشاف کیاگیا ہے۔
سی پیک کے فوکل پرسن نے 19 اکتوبر کو وزارت داخلہ کے جوائنٹ سیکریٹری کے نام خط لکھا جس میں کہا گیا ہے کہ ایسٹ ترکمانستان اسلامک موومنٹ نامی تنظیم کا عبدالولی نامی دہشت گرد پاکستان آیا ہے جس کا مشن یہاں چینی سفیر کو قتل کرنا ہے۔
خط میں دہشت گرد کا پاسپورٹ نمبر اور فون نمبر بھی بتایا گیا ہے جب کہ وزارت داخلہ سے چینی سفیر اور پاکستان میں چینی باشندوں کی سیکیورٹی بڑھانے کی درخواست کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ دہشت گرد عبدالولی کی گرفتاری کے لیے بھی سرچ آپریشن کیا جائے۔
خط میں مزید کہا گیا ہےکہ دہشت گرد کو گرفتار کرکے چینی حکومت کے حوالے کیا جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے چینی سفارت خانے کا خط سامنے آنے کے بعد پاکستان میں چینی سفیر اور چینی باشندوں کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔