24 اکتوبر ، 2017
بظاہر لگتا ہے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان گرنے والی ہے لیکن شہری سندھ کی مستقبل کی سیاست پر رونما اس کی سیاسی اثرات نہایت تباہ کن ہوں گے۔ فطری طورپر اس سے پاکستان سرزمین پارٹی( پی ایس پی) کے لئے گنجائش پیدا ہوگی۔
ایم کیو ایم جو کئی بحرانوں سے گزری لیکن لگتا ہے وہ 2013کے عام انتخابات کے بعد اور22؍اگست کو ایم کیو ایم کے بانی کے نشریاتی خطاب کے اثرات بد سے باہر نہیں آسکی ہے۔ جبکہ ڈرائی کلیننگ کی دکان یا فیکٹری ایم کیو ایم کی گند دھونے میں مصروف ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما جو پی ایس پی میں شمولیت اختیار کرنے کیلئے شدید دبائو میں ہیں یاان پر دونوں کوضم کر کے نیا نام اختیار کرنے پر زور دیا جارہاہے۔
پہلی بار انہوں نے دباؤ کے حربے جاری رہنے پر پارٹی چھوڑنے کی دھمکی دی ہے۔اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان، پی ایس پی، پی پی پی، پی ٹی آئی، جماعت اسلامی یا بالآخر ایم کیو ایم لندن کے زوال کا فائدہ کس کوپہنچے گا؟
22؍اگست کے واقعہ اور ایم کیو ایم پاکستان کے ایم کیو ایم لندن سے فاصلہ اختیار کرنے کے بعد سے جب ایم کیو ایم پاکستان کو علیحدہ جماعت قرار دیاگیا، اسے یہ بھی ’’مشورہ‘‘ دیاجارہا ہے کہ وہ پی ایس پی میں ضم ہو جائے۔ لیکن پارٹی رہنمائوں کی اکثریت نے اسے مسترد کردیا۔
جب کہ مختلف سیاسی جماعتوں نےایم کیو ایم پاکستان کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔ اس سے یہ قیاس کیا گیا کہ انہیں نائن زیرو کے بغیر اپنا ہیڈ کوارٹر واپس مل جائے گا۔ لیکن اب تک اس حصول میں ناکام ہی رہے ہیں۔ مختلف طریقوں سے یہ بھی باور کرایاگیا ہے کہ ایم کیو ایم اورحق پرست جیسے الفاظ اور انتخابی نشان’’پتنگ‘‘ ناقابل قبول ہوں گے؟
ایک مرحلے پرایم کیو ایم پاکستان نے پی ایس پی کے ساتھ انضمام پر غور شروع کردیا تھا۔ سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے ڈاکٹرفاروق ستار کو بتایا تھا کہ ایسا کرنا تباہ کن ہو گا اور نتیجتاً سابق گورنر بھی اپنی مضبوط پوزیشن سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے مخصوص حلقوں کااعتماد کھو دینے کی تین وجوہ ہیں۔ اول وسیم اختر کو میئر کراچی کے منصب کے لئے نامزد کرنا۔ دوم شاہد خاقان عباسی کو وزارت عظمیٰ کے لئے اعتماد کاووٹ دینا اورسوم آئینی ترمیم کے دوران میاں عتیق کے ووٹ پرمبینہ ڈبل گیم، اس ترمیم کی بدولت ہی نوازشریف نااہل قراردیئے جانے کے باوجودپارٹی صدر کے انتخاب کے لئے اہل ٹھہرے۔
جب کہ ایم کیو ایم پاکستان کو کراچی اورحیدر آباد کے لئے ترقیاتی فنڈز کے حصول کی توقع ہوچلی، جیسا کہ وزیراعظم اور گورنر سندھ نے وعدہ کیا۔ لیکن مخصوص حلقوں کی مزاحمت کے باعث فنڈز کاحصول اتنا آسان نہیں ،میئر عہدے کے لئے ان حلقوں کی جانب سے وسیم اختر کا نام مسترد کردیاگیاتھا۔
ایم کیو ایم پاکستان نے مسلم لیگ (ن) اورسابق وزیراعظم نوازشریف کے قریب آنے کی کوشش کی لیکن مخصوص حلقوں نے اسے اچھا نہیں لیا۔ ڈاکٹر فاروق ستار کے لئے معاملات بگڑتے چلے گئے۔ ایک طرف پی ایس پی اورمصطفیٰ کمال کیلئے مذکورہ حلقوں میں گرم جوشی اورخیرسگالی کے جذبات پائے جاتے ہیں۔ آئندہ مہینوں میں ان کا کردار پھیل جائے گا۔
مزید ارکان قومی و صوبائی اسمبلی پی ایس پی میں شمولیت اختیار کر سکتے ہیں۔ تاہم انہوں نے خود فیصلہ کیا یا انہیں کہہ دیا گیا کہ وہ کسی کو اپنی جماعتوں سے منحرف ہونےپر مجبور نہ کریں۔ پی ایس پی کو ایم کیو ایم کے روایتی حلقوں کی حمایت حاصل ہو یا نہ ہو۔
لیکن مصطفیٰ کمال ڈاکٹر عشرت العباد کو اکھاڑنے میں کامیاب ہوگئے۔ جنہیں ایک وقت اسٹیبلشمنٹ کامکمل اعتمادحاصل رہا تھا۔ وہ اب بھی ان کی گڈبک میں ہیں۔ محض اس لئے کہ انہوں نے ایم کیو ایم پاکستان اور پی ایس پی کے انضمام کو روکا۔ ڈاکٹر عشرت العباد کبھی مصطفیٰ کمال کے ساتھ تنازعے میں ملوث نہیں ہوئے اور بالآخر اپنی مضبوط پوزیشن کھو کر دبئی میں سکونت اختیار کر لی۔
لیکن وہ اب بھی سمجھتے ہیں کہ دونوں جماعتوں کے انضمام کا فارمولا نہیں چلے گا۔ کیونکہ ووٹرز کی نظروں میں پی ایس پی اسٹیبلشمنٹ کی کنگز پارٹی ہے۔ تاہم ذرائع کاکہنا ہے کہ ڈاکٹر عشرت العباد شہری سندھ کے ممکنہ گیم پلان کے حوالے سے اب بھی ’’رابطوں‘‘میں ہیں۔
ایم کیو ایم پاکستان آئندہ عام انتخابا ت تک بحیثیت جماعت بچ جاتی ہے اور اگر نہیں تو اسے پی ایس پی سے تبدیل کر دیا جائے گا۔ لیکن پارٹی رہنماؤں کے لئے دباؤ برداشت کرنا مشکل ہوتا جارہا ہے۔
واقعہ 22؍اگست کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کو متعلقہ حلقوں سے مثبت جواب نہیں ملا۔ گو کہ ان حلقوں کو بڑی حد تک یقین ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کی اعلیٰ قیادت ایم کیو ایم لندن کے ساتھ رابطوں میں نہیں ہے۔ جسے خود بھی الطاف حسین سے ندیم نصرت اور واسع جلیل کی جانب سے دوری اختیار کرنے کے بعد مسائل کا سامنا ہے۔
22؍اگست 2016کے واقعہ کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کو بعض حلقوں نے پی ایس پی میں ضم ہو جانے کا مشورہ دیا۔ بعدازاں یہ بھی مشورہ دیا گیا کہ وہ کوئی نیا نام بھی اختیار کرلیں۔ ڈاکٹر فاروق ستار اور ان کے رفقاء کے خیال میں ایم کیو ایم پاکستان کو مکمل طورپر لپیٹ دیا جانا مہاجر ووٹرز کو قبول نہیں ہوگا۔
22؍اگست کاواقعہ مہاجروں کے لئے بڑے صدمے کا باعث تھا۔ ذرائع کہتے ہیں کہ اس وقت ایم کیو ایم پاکستان کو موقع دینے کا فیصلہ کیاگیا لیکن خورشید بیگم میموریل ہال، ایم پی اے ہاسٹل حوالے کرنے اور جناح پارک عزیز آباد میں جلسے کرنے کی اجازت دینے کے مطالبے رد کردیئے گئے۔
جب کہ ایم کیو ایم پاکستان نے الطاف حسین کی رہائش گاہ نائن زیرو کی حوالگی کا کبھی مطالبہ نہیں کیا۔ لہٰذا پہلے ایم کیو ایم نے اپنا ہیڈ کوارٹر فاروق ستار کی رہائش گاہ کے قریب پیرالٰہی بخش کالونی (پی آئی بی) منتقل کیا اور بعدازاں بہادر آباد لے گئے۔ جب سابق وزیراعظم نوازشریف ، موجودہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اورگورنر سندھ محمد زبیر خورشید بیگم میموریل ہال اور ایم پی اے ہاسٹل ایم کیو ا یم پاکستان کے حوالے کرنے پر آمادہ ہوگئے تو حکومت سندھ اور متعلقہ حلقوں نے اس کی مخالفت کی۔
ایم کیو ایم کے منحرف رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ کے فاروق ستار کے لندن کے ساتھ رابطوں کے الزام میں کوئی وزن نہیں ہے۔ کیونکہ لندن والے تو انہیں فاروق کا ٹولہ قراردیتے ہیں۔
خفیہ اداروں کا قومی سیاست میں کردار شاید کم ہو گیا ہو گو کہ کچھ کی رائے میں کردار اب بھی ہے۔ لیکن عموماً کراچی اور خصوصاً ایم کیو ایم کی سیاست میں اب تک سنگین شکوک و شبہات کلبلاتے رہتے ہیں۔ چاہے وہ ’’ڈرائی کلیننگ‘‘ کاعمل ہو یا خفیہ ہاتھوں کی بات ہو۔
ایم کیو ایم پراسٹیبلشمنٹ کی تخلیق ہونے کا الزام 1978سے لگایا جاتا ہے۔ ایم کیو ایم اوراس کے قائد کا اسٹیبلشمنٹ سے محبت اور نفرت کے اتار چڑھاؤ کے ساتھ تعلق قائم رہا۔
ایم کیو ایم کوتوڑنے کی کوشش 1991ء میں پہلی بار اس وقت ناکام ہوئی۔ جب ’’حقیقی‘‘ کے نام سے دھڑا قائم کیاگیا۔ دوسری کوشش اس وقت ہوئی تھی جب چیئرمین عظیم احمد طارق استعمال ہوئے اور قتل کر دیئے گئے لیکن ایم کیو ایم لندن اور اس کی قیادت نے ارضی حقائق اور پاکستانی سیاست سے خود کو جدا کرلیا۔ جس کی وجہ سے 22؍اگست کاواقعہ پیش آیا۔
الطاف حسین اور لندن میں ان کے ساتھی یہ بھول گئے کہ پاکستان مخالف بیانیہ نہ صرف ریاست بلکہ ہر پاکستانی اوران کے اپنے ووٹ بینک کے لئے بھی ناقابل قبول ہے۔
23؍اگست کو ڈاکٹرفاروق ستار سمیت ایم کیو ایم کی پاکستان میں قیادت نے جو کچھ فیصلہ کیا وہ درست تھا۔ اس دن سے آج تک ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور کارکن مشکوک تصور کئے جارہے ہیں اور باقی وہ تمام جو پی ایس پی میں چلے گئے۔ انہیں نہ صرف ریلیف بلکہ مقدمات سے بھی چھٹکارا مل گیا۔ یہ تمام تر پیش رفت اس جانب اشارہ کرتی ہے کہ پی ایس پی ہی کو ہی ایم کیو ایم کاممکنہ متبادل سمجھا جا رہا ہے۔ اب یہ تبدیلی ووٹرز کے لئے قابل قبول ہوتی ہے یا نہیں، یہ دیکھنا دلچسپی کا باعث ہوگا۔
گزشتہ چند ہفتوں سے ایسا لگ رہا ہے ڈاکٹر فاروق ستار اپنا اعتماد کھوتے اور مصطفیٰ کمال حاصل کرتے جارہے ہیں۔ ایم کیو ایم کا کیا انجام ہو گا؟اس سے قطع نظر سیاسی اور دانشور طبقات میں یہ عام احساس ہے کہ کب تک ملکی اور خصوصاً کراچی کی سیاست میں سیاسی تجربات ہوتے رہیں گے۔ ایم کیو ایم جس نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز ’’منزل نہیں، رہنما چاہئے‘‘ کے نعرے سے کیا تھا، اسے واقعی رہنما ملا اور نہ ہی منزل ملی بلکہ سمت ہی گم ہو کر رہ گئی ہے۔
جیو نیوز، جنگ گروپ یا اس کی ادارتی پالیسی کا اس تحریر کے مندرجات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔