25 اکتوبر ، 2017
سابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسن نواز کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم سعودی عرب سے لندن نہیں پاکستان جائیں گے۔
جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے حسن نواز نے کہا کہ سابق وزیراعظم کی لندن واپسی کی افواہیں بے بنیاد ہیں، نواز شریف یہاں سے پاکستان جانے کے لئے ہی گئے ہیں اور واپس نہیں آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ والد ہ کو طبیعت خراب ہونے پر اسپتال لایا گیا جن کے خون کے ٹیسٹ ہوئے اور وائٹ سیل کم ہو گئے ہیں۔
حسن نواز کے مطابق والدہ کلثوم نواز مزید 2 روز اسپتال میں رہ سکتی ہیں۔
دوسری جانب نواز شریف کی پاکستان آمد کے فوراً بعد اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس ہوگا جس میں پارٹی کی صورتحال، نیب مقدمات، شریف خاندان کی عدالتوں میں پیشی کے بارے میں غور کیا جائے گا۔
تاہم اس بات کا فیصلہ نہیں ہوا کہ میاں نواز شریف لاہور یا اسلام آباد آئیں گے۔