02 نومبر ، 2017
کراچی: قومی احتساب بیورو (نیب) نے کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) کے دفتر پر چھاپہ مار کر ڈائریکٹر عبیداللہ کو گرفتار کرلیا۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے چند ہفتے قبل سابق ڈائریکٹر کے ڈی اے ناصر عباس کو کرپشن کے الزامات پر حراست میں لیا تھا جنہیں نیب کے حوالے کیا گیا۔
جیونیوز کے مطابق نیب حکام آج ناصر عباس کو ہتھکڑیاں لگا کر سوک سینٹر میں کے ڈی اے کے دفتر لے کر آئے اور ان کی نشاندہی پر تمام کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ذرائع کے مطابق نیب نے ڈائریکٹر کے ڈی اے عبیداللہ کو گرفتار کرکے اہم ریکارڈ تحویل میں لے لیا جب کہ اس دوران کے ڈی اے کے مختلف افسران سے پوچھ گچھ بھی کی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ نیب اہلکاروں نے کے ڈی اے کے چارجڈ پارکنگ اور ریکارڈ روم سمیت مختلف کمروں کی تلاشی لی اور ریکارڈ روم کے انچارج کامران کو گرفتار کرلیا۔