امیتابھ بچن، سنجے دت کی اہلیہ کا نام بھی پیراڈائز پیپرز میں شامل

اپریل 2014 میں پاناما لیکس کا انکشاف کرنے والے انٹرنیشنل کنسورشیم آف انوسٹی گیشن جرنلسٹس (آئی سی آئی جے) نے ایک اور بڑا دھماکا کرتے ہوئے 'پیراڈائز لیکس' کے نام سے مزید خفیہ دستاویز جاری کردیں جس میں دنیا کی معروف شخصیات اور کمپنیوں کے نام شامل ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پیراڈائز پیپرز میں بھارتی میگا اسٹار امیتابھ بچن اور سنجے دت کی اہلیہ منیاتا دت کے نام بھی شامل ہیں۔

دستاویزات کے مطابق سنجے دت کی اہلیہ دل نشیں کے نام سے آف شور کمپنی کی مالک ہیں جبکہ امیتابھ بچن کے برمودا کی کمپنی میں شئیرز ہیں۔

واضح رہے کہ امیتابھ بچن کا نام اس سے قبل پاناما پیپرز میں بھی شامل تھا اور اس حوالے سے انفورسمینٹ ڈائریکٹوریٹ کی ممبئی ٹیم امیتابھ بچن، ان کی بہو ایشوریا رائے اور دیگر بھارتی شہریوں سے تحقیقات کر رہی ہے۔

دوسری جانب ہالی وڈ سلیبرٹیز اور سنگرز بھی پیراڈائز لیکس سے بچ نہ پائے اور مشہور گلوکارہ میڈونا اور پاپ سنگر بونو کی آف شور کمپنیاں بھی سامنے آ گئیں۔

آئی سی آئی جے کے مطابق میڈونا میڈیکل سپلائی کمپنی میں شیئرز کی مالک ہیں۔

پیراڈائز پیپرز کیا ہیں؟

پیراڈائز پیپرز، کمپنی ’’ایپل بائی‘‘ کی دستاویزات پر مشتمل ہیں جو سنگاپور اور برمودا کی دو کمپنیوں سے حاصل ہوئیں، انہیں پہلے جرمن اخبار نے حاصل کیا اور پھر آئی سی آئی جے کے ساتھ شیئر کیا۔

پیراڈائز پیپرز میں 47 ممالک کے 127 نمایاں افراد کے نام شامل ہیں۔ اس میں ایک کروڑ 34 لاکھ دستاویزات شامل ہیں اور اس کام کے لیے 67 ممالک کے 381 صحافیوں کی خدمات حاصل کی گئیں۔

پیراڈائز لیکس میں 180 ممالک کی 25 ہزار سے زائد کمپنیوں، ٹرسٹس اور فنڈز کا 1950 سے لے کر 2016 تک کا ڈیٹا موجود ہے ۔

پیراڈائز پیپرز میں جن ممالک کے سب سے زیادہ شہریوں کے نام آئے ہیں ان میں امریکا 25 ہزار 414 شہریوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔ برطانیہ کے 12 ہزار 707 شہری، ہانگ کانگ کے 6 ہزار 120شہری، چین کے 5 ہزار 675 شہری اور برمودا کے 5 ہزار 124 شہری شامل ہیں۔

180 ملکوں کی فہرست میں بھارت کا انیسواں نمبر ہے اور اس کے 714 شہریوں کے نام پیراڈائز پیپرز میں شامل ہیں۔

مزید خبریں :