08 نومبر ، 2017
سابق صدر اور سیاسی جماعت آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل (ر) پرویز مشرف نے متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) اور پاک سر زمین پارٹی کے ممکنہ الحاق کے حوالے سے کہا ہے کہ مہاجر کمیونٹی کا اکٹھا ہونا خوشی کی بات ہے۔
جیو نیوز کے مطابق پرویز مشرف نے اپنے بیان میں کہا کہ مہاجر قوم کو اکٹھا ہونا چاہیے اور ایک نئی طاقت کو ابھر کر سامنے آنا چاہیے۔
پرویز مشرف نے ٹوئٹر پر جاری اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ مہاجروں کے اتحاد پرخوشی ہے، ہمدردی ایم کیوایم کے ساتھ نہیں بلکہ مہاجروں کے ساتھ ہے، ایم کیو ایم نے اپنے آپ کو پاکستان بھرمیں بدنام کردیاہے، ایم کیو ایم کا سیاسی مستقبل نظر نہیں آرہا۔
انہوں نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ ایم کیو ایم (پاکستان) اور پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) مل کر کام کرنے کا سوچ رہے ہیں۔
پرویز مشرف نے کہا کہ ’’آج مجھے بہت خوشی ہے کیوں کہ مہاجر کمیونٹی کا اتحاد واپس آرہا ہے، ایم کیو ایم پاکستان اور پی ایس پی مل رہے ہیں‘‘۔
پرویز مشرف نے واضح کیا کہ انہوں نے ہمیشہ یہ کہا ہے کہ انہیں ایم کیو ایم سے کوئی خاص ہمدردی نہیں ہے بلکہ مہاجر قوم سے ہمدری ہے، مہاجروں کا متحدہ ہونا بہت ضروری ہے کیوں کہ ایم کیو ایم کی وجہ سے اس وقت مہاجر قوم بہت تکلیف میں ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’’میری سوچ صرف قومیت نہیں بلکہ پاکستانیت ہے، مہاجر کمیونٹی کا متحد ہونا خوش آئند بات ہے‘‘۔
پرویز مشرف نے مشورہ دیا کہ مہاجروں کو اس سے اوپر کی سوچ رکھنی چاہیے اور اس میں صرف مہاجر نہیں بلکہ کراچی میں رہنے والے تمام پختون، پنجابی،سندھی، بلوچی، بنگالی، بہاری سب کو اکٹھا ہونا چاہیے اور ایک نئی طاقت ابھارنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اس نئی طاقت اور دیہی سندھ کی سیاسی قوتوں کو اکٹھا کرکے پیپلز پارٹی کو شکست دے سکتے ہیں اور حکومت بناسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان اور پاک سرزمین پارٹی کے مرکزی قائدین نے کراچی پریس کلب میں اہم پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے کراچی اور سندھ کے مسائل حل کرنے اور دیر پا امن قائم کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کا اعلان کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں سیاسی جماعتوں کے رہنما گزشتہ دو ماہ سے آپس میں رابطے میں تھے اور دونوں جماعتوں نے کراچی کے معاملے پر مل کر سیاست کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔