09 نومبر ، 2017
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایم کیوایم اور پی ایس پی کے اتحاد پر نہ صرف دلچسپ تبصرہ کیا بلکہ گانے کے بول بھی دُہرائے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ گزشتہ روز کی سیاسی ہلچل اور اتحاد سے پیپلزپارٹی کو کوئی فرق نہیں پڑتا، ان کی جماعت کا جب نام فائنل ہوجائےگا اس کے بعد بات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ اور پی ایس پی وسوسے کا شکار ہیں، دونوں پارٹیاں موجود ہیں یا نہیں، مجھے نہیں پتا، پارٹی پہلے بن جائے پھر دیکھ بھی لیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے گانے کے بول دُہراتے ہوئے کہا کہ کس نام سے پکاروں کیا نام ہے تمہارا۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ابھی تک انہیں یہ معلوم نہیں کہ ان کا لیڈر کون ہے، اتحاد کی تشکیل کے بعد دیکھا جائے گا کہ لیڈر کون ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جمہوریت پریقین رکھتے ہیں ہیں، جو بھی پارٹی بنے اچھی بات ہے لیکن یہ کسی اور کو اپنے ساتھ اکٹھا نہ کرلیں جو ہم نہیں چاہتے۔