پاکستان
16 جولائی ، 2012

29جولائی کوبین الاقوامی یکجہتی فلسطین کانفرنس اسلام آباد میں منعقد ہو گی

29جولائی کوبین الاقوامی یکجہتی فلسطین کانفرنس اسلام آباد میں منعقد ہو گی

کراچی …فلسطین کی آزادی و یکجہتی فلسطین کے عنوان سے 29جولائی کو”بین الاقوامی یکجہتی فلسطین کانفرنس “ اسلام آباد میں منعقد ہو گی۔دنیا بھر بشمول فلسطین،لندن،امریکہ،مصر،شام،لبنان اور ایران سمیت متعدد ممالک سے مندوبین شریک ہوں گے۔پاکستان کی مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین اور رہنما ”بین الاقوامی یکجہتی فلسطین کانفرنس“ سے خطاب کریں گے۔ان خیالات کا اظہار فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی رہنماؤں مظفر احمد ہاشمی،محفوظ یار خان ایڈووکیٹ ،علامہ قاضی احمد نورانی،سید شبر رضا اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ان رہنماؤں نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ساتھ پاکستان کی آزادی کی ایک اور سالگرہ بھی نزدیک ہے تاہم بانیٴ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح  اور علامہ اقبال کے نظریات کو دہرانے کا وقت ہے،جنھوں نے روز اول سے ہی مسئلہ فلسطین کی بھرپور حمایت جاری رکھی حتیٰ کہ قائد اعظمنے 1923ء میں ہی کہا تھا کہ میں فلسطین میں صیہونی آباد کاری کی سخت مذمت کرتا ہوں اور مسلمانان بر صغیر سے فلسطینیوں کی ہر ممکنہ مدد کی اپیل کرتا ہوں۔رہنماؤں کاکہنا تھا کہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان نے ماہ رمضان المبارک کی فضیلتوں اور برکتوں سے دوگنا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ یکم رمضان المبارک سے ہی ملک بھر میں فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی کے لئے تحریک کا آغاز کیا جائے گا اس عنوان سے ملک بھر میں بینرز،پوسٹر ز اور دیگر تشہیری مہم کے ذریعے مسئلہ فلسطین کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے گا جبکہ 29جولائی کو اسلام آباد میں ”بین الاقوام یکجہتی فلسطین کانفرنس“ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں فلسطین،لبنان،شام،امریکہ،لندن،ایران و دیگر ممالک سے رہنما شریک ہوں گے،جبکہ پاکستان کی مذہبی و سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں میں راجہ ظفر الحق، سینیٹر حاجی عدیل ،قاضی حسین احمد،لیاقت بلوچ، علامہ عباس کمیلی، علامہ ناصر عباس ،جے سالک سمیت دیگر شریک ہوں گے۔31جولائی کو جماعت اسلامی کراچی کے تعاون سے آل پارٹیز کانفرنس بعنوان ”فلسطین ،فلسطینیوں کا وطن“ کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ 31جولائی کو کراچی میں ایک عوامی جلسہ کیتھولک گراؤنڈ نزد نمائش چورنگی پر کیا جائے گا۔ماہ ر مضان کے آخری جمعہ (17اگست)کو ملک بھر میں یوم دعا کے طور پر منایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ فلسطین فاؤنڈیشن 17جولائی کو پریس کانفرنسز کے ذریعے اپنے پروگرامز کا اعلان کریگی جبکہ کوئٹہ،حیدرا ٓباد،لاہور اور ملتان میں بھی سیمینارز اور پریس کانفرنسز کے علاوہ تصویری نمائشوں اور غزہ پر ڈاکیومنٹری فلم اور تعلیمی اداروں میں سیمینار منعقد کئے جائیں گے۔








مزید خبریں :