21 نومبر ، 2017
کراچی: کراچی کی سیشن عدالت نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سابق رہنما سلیم شہزاد کے خلاف جلاؤ گھیراؤ، قتل اور ہنگامہ آرائی کے مقدمات میں بطور گواہ پیش نہ ہونے پر ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کی گرفتاری کا حکم جاری کردیا۔
سلیم شہزاد کے خلاف 1992ء کے دو مقدمات کی سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی کی عدالت میں ہوئی۔
اس سے قبل متعدد مرتبہ راؤ انوار کو عدالت کی جانب سے طلب کیا گیا تاہم وہ پیش نہ ہوئے۔
سلیم شہزاد کے خلاف ہنگامہ آرائی، بلوے اور کار سرکار میں مداخلت کے الزام میں 1992ء کے دو مقدمات لانڈھی اورکھوکھرا پار تھانوں میں درج ہیں۔
اس سے قبل دہشت گردوں کے علاج کیس میں سلیم شہزاد کی 5لاکھ روپے کے عوض ضمانت منظورہوچکی ہے۔
راؤ انوار اس سے قبل ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار کو گرفتار کرنے پر معطل ہوچکے ہیں تاہم بعدازاں انہیں بحال کردیا گیا۔