دورہ نیوزی لینڈ کیلئے صہیب مقصود کی واپسی کا امکان

نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں سلیکٹرز اور ٹیم انتظامیہ کی نظریں ایک بار پھر جارحانہ بیٹنگ کرنے والے بیٹسمین صہیب مقصود پر مرکوز ہیں اور اس بات کے امکانات روشن ہیں کہ مڈل آرڈر بیٹنگ کو مضبوط کرنے کے لئے صہیب مقصود کو پاکستان ٹیم کا حصہ بنایا جائے گا۔

اگر انہیں ٹیم میں شامل کیا گیا تو ٹیم میں ایک اضافی بیٹسمین کو بھیجا جائے گا۔حالانکہ صہیب مقصود پنڈی میں قومی ٹی ٹوئینٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں غیر معمولی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے تھے۔

ٹورنامنٹ میں فیصل آباد کی نمائندگی کرتے ہوئے صہیب مقصود نے 21,80,13,38,87,9,0 رنز بنائے۔تاہم چیف سلیکٹر انضمام الحق نے پنڈی میں صہیبب مقصود سے ملاقات کی اور ساتھی سلیکٹرز سے مشاورت بھی کی جبکہ کوچ مکی آرتھر اور کپتان سرفراز احمد کو بھی اعتماد میں لیا گیا ہے۔

صہیب مقصود ورلڈ کپ 2015 کے علاوہ پاکستان ٹیم کے ساتھ تین بار نیوزی لینڈ کا دورہ کر چکے ہیں۔ گذشتہ سال بھی انہوں نے پاکستان ٹیم کے ساتھ نیوزی لینڈ کا دورہ کیا تھا لیکن خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے تھے۔

ملتان سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ صہیب مقصود پاکستان کی جانب سے 26 ون ڈے انٹر نیشنل میں 735 اور 20 ٹی ٹوئینٹی انٹر نیشنل میں 221 رنز بنا چکے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے ناکام دورے کے بعد انہیں پاکستان ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا تھا۔ قائد اعظم ٹرافی میں یوبی ایل کی جانب سے سیالکوٹ کے خلاف صہیب مقصود نے 145 رنز بنائے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صہیب مقصود کو موقع دے کر پاکستان ٹیم میں پاور ہٹر کو شامل کیا جائے گا۔

دریں اثناء پاکستان کی ٹی ٹوئینٹی کرکٹ ٹیم کا اعلان ابتدائی دو ون ڈے میچوں کے بعد ٹی ٹوئینٹی ٹیم کا اعلان کیا جائے گا۔ٹی ٹوئینٹی ٹیم میں کسی بڑی تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔تاہم کامران اکمل کی شمولیت کا انحصار مکی آرتھر کی رضامندی سے مشروط ہے۔

ون ڈے ٹیم میںاحمد شہزاد کی جگہ اظہر علی اور عثمان شنواری کی جگہ رومان رئیس کو شامل کیا جائے گا۔

مزید خبریں :