شادی شدہ جوڑے کو کرنٹ لگا کر قتل کا معاملہ: پولیس نے 4 ملزمان کو بے گناہ قرار دیدیا


کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو کرنٹ لگا کر قتل مییں ملوث 4 ملزمان کو پولیس نے بے گناہ قرار دیدیا جب کہ عدالت نے پولیس کی رپورٹ مسترد کر دی۔

ابراہیم حیدری پولیس کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے عبدالرحمان اور تاج بی بی کے قتل میں ملوث 4 ملزمان کو بے گناہ قرار دیا گیا ہے۔

پولیس کی جانب سے اپنی رپورٹ میں سرتاج، لال رحمان، تاج محمد اور جان محمد شامل ہیں۔

جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر نے پولیس کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے چاروں ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

یاد رہے کہ 14 اگست کو ابراہیم حیدر تھانے کی حدود میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کے حوالے سے ایک سرتاج نامی شخص کی سربراہی میں ایک جرگہ ہوا تھا۔

جرگے نے 30 سے 35 لوگوں کی موجودگی میں پسند کی شادی کرنے والے عبدالرحمان اور تاج بی بی کو کرنٹ لگا کر قتل کرنے کا فیصلہ دیا تھا، فیصلے کے مطابق لڑکے کو اس کے والدین اور لڑکی کو اس کے والدین نے قتل کیا اور دونوں کی لاشیں دفنا دیں۔

ایک این جی او کی جانب سے معاملہ اٹھائے جانے کے بعد عدالت نے اس خبر کا نوٹس لیا اور دونوں کی قبر کشائی کا حکم دیا، قتل کیے گئے جوڑے کی قبر کشائی ہوئی تو پتہ چلا کہ لڑکے اور لڑکی کو کرنٹ لگا کر قتل کیا گیا۔

اس کے علاوہ اس کیس میں نامزد مزید چار ملزمان حکمت خان، زر خطاب خان، محمد افضل اور شیر افضل گرفتار ہیں۔

مزید خبریں :