27 نومبر ، 2017
کراچی میں ایف آئی اے نے ٹیکس فراڈ کیس کی مد میں غیر ملکی کمپنی سے 51 کروڑ روپے وصول کر لیے ہیں۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق کرائم سرکل برانچ نے انکم ٹیکس فراڈ کی مد میں غیر ملکی آئل سروے کمپنی سے مجموعی طور پر 67 کروڑ روپے وصول کر کے متعلقہ سرکاری محکموں کو رقم کے پے آرڈرز دے دیئے ہیں۔
ایف آئی اے 51 کروڑ روپے سے قبل اسی غیر ملکی کمپنی سے 16 کروڑ روپے وصول کر چکی ہے۔
حکام کے مطابق غیر ملکی آئل سروے کمپنی نے رقم پے آرڈرکی شکل میں مختلف کلیکٹوریٹس کے نام پر جاری کی۔
چند روز قبل اسی کمپنی کے کنٹری مینجر اور ڈپٹی کنٹری مینجر کو گرفتار کیا گیا تھا، ملزمان کی جانب سے رقم واپس کیے جانے کے بعد انھیں کسٹمز کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق غیر ملکی کمپنی نے زائد المیعاد کاغذات پر 67 کروڑ روپے کا ٹیکس فراڈ کیا تھا جب کہ کمپنی نے دو سال ساز و سامان کی نقل و حرکت زائد المیعاد کاغذات پر کی تھی۔