فیس بک اب خودکشی کے رجحانات بھی شناخت کرے گا

سان فرانسسکو: فیس بک نے اعلان کیا ہے کہ وہ پیٹرن کی شناخت کرنے والا اپنے سافٹ ویئر کو امریکا کے بعد دیگر ممالک میں بھی متعارف کروائے گا۔

یہ سافٹ ویئر صارفین میں خودکشی کے رجحان کو پہچاننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ فیس بک نے یہ سافٹ ویئر رواں سال مارچ میں امریکا میں متعارف کروادیا تھا۔ یہ صارف کی جانب سے کمنٹس اور پوسٹس پر الفاظ سے خودکشی کے رجحانات کی شناخت کرتا ہے۔

اگر سافٹ ویئر کو ایسا کوئی کیس مل جاتا ہے تو یہ فیس بک کی ایک ٹیم کو آگاہ کردیتا ہے جو ایسی رپورٹس کو ہینڈل کرنے میں مہارت رکھتا ہے۔ یہ ٹیم مقامی انتظامیہ سے مداخلت کرنے کے حوالے سے رابطہ بھی کرسکتی ہے۔

فیس بک کے نائب صدر گائے روزن نے کہا کہ کمپنی نے امریکا میں کامیابی کے بعد دیگر ممالک میں بھی سافٹ ویئر متعارف کروانا شروع کردیا ہے۔

انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ یہ فیچر کن کن ممالک میں متعارف کروایا جارہا ہے تاہم انہوں نے بتایا کہ یورپی یونین میں اسے متعارف نہیں کروایا جائے۔