کراچی: مومن آباد میں جرگے کے فیصلے پر جوڑے کے قتل کا مقدمہ درج

کراچی: مومن آباد میں مبینہ طور پر جرگے کے فیصلے پر جوڑے کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

کراچی کےعلاقے مومن آباد میں گزشتہ روز مبینہ طور پر جرگے کے فیصلے پر پسند کی شادی کرنے والے نوبیاہتا جوڑے کو ان کی رہائش گاہ پر قتل کیا گیا تھا اور دونوں کی تدفین بھی خاموشی سے کردی گئی تھی تاہم مالک مکان نے گھر میں خون دیکھ کر پولیس کو واقعے کی اطلاع دی۔

جیونیوز کے مطابق پولیس نے دہرے قتل کی لرزہ خیز واردات کا مقدمہ مومن آباد تھانے میں سرکار کی مدعیت میں درج کیا جس میں قتل اور سہولت کاری ایکٹ کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

کیس کے 7 ملزمان مفرور قرار

ایف آئی آر میں 9 ملزمان کی گرفتاری ظاہر کی گئی ہے جب کہ 7 ملزمان کو مفرور قرار دیا گیا ہے جن میں مسکین، ایوب، اعظم، تنویر، حبیب خان، متن خان اور دیگر شامل ہیں۔

مقدمے کے متن میں کہا گیا ہےکہ میاں بیوی کو غیرت کے نام پر 22 نومبر کی رات قتل کیا گیا، والد مسکین نے 4 بیٹوں کی مدد سے بیٹی اور داماد کو قتل کیا، قتل کرنے والے بھائیوں کے نام حبیب، ایوب، اعظم اور مرزا ہیں۔

پولیس کا کہنا ہےکہ مقتولہ کے بھائیوں اور والد سمیت دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں اور پولیس نے گزشتہ رات اتحاد ٹاؤن ،اورنگی ٹاؤن میں بھی کارروائیاں کیں۔

پولیس نے گرفتار 9 ملزمان کو عدالت میں پیش کیا جہاں عدالت نے انہیں 5 دن کے ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

مالک مکان کے خلاف بھی مقدمہ درج

دوسری جانب پولیس نے قتل کی اطلاع دینے والے مالک مکان کے خلاف اسی مقدمے میں کرائے دار ایکٹ کے تحت دوسرا مقدمہ بھی درج کیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہےکہ مالک مکان نے پولیس کو قتل کی اطلاع دی لیکن اس نے کرائے دار ایکٹ کے تحت معاہدے کی کاپی تھانے میں جمع نہیں کرائی تھی۔

خیال رہے کہ چند ماہ قبل کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری میں بھی محبت کی شادی کرنے والے جوڑے کو کرنٹ لگاکر قتل کردیا گیا تھا۔

مزید خبریں :