Time 29 نومبر ، 2017
پاکستان

حدیبیہ پیپر کیس: نواز شریف اپیل دائر کرنے پر اثرانداز ہوئے، نیب درخواست

اسلام آباد: نیب نے حدیبیہ پیپرز مل کیس دوبارہ کھولنے کے لیے سپریم کورٹ میں نئی درخواست دائر کردی جس میں نیب کا کہنا ہے کہ نواز شریف اپیل دائر کرنے پر اثر انداز ہوئے۔

سپریم کورٹ میں حدیبیہ پیپرز مل کیس کے ریفرنس کی گزشتہ روز پہلی سماعت ہوئی جس دوران عدالت نے کیس کا تمام ریکارڈ طلب کیا جب کہ اس دوران عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے اصل ریفرنس کے بارے میں استفسار کیا۔

جیونیوز کےمطابق نیب کی جانب سے اس حوالے سے سپریم کورٹ میں ایک نئی درخواست دائر کی گئی ہے جو ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب عمران الحق نے دائر کی، درخواست میں عدالتی حکم کے 3 سال بعد دوبارہ کیس کھولنے کا جواز پیش کیا گیا ہے۔

نیب کی درخواست میں کیس کی اپیل میں تاخیر کو نظر انداز کرکے کیس دوبارہ کھولنے کی اجازت دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہےکہ دوبارہ تحقیقات کی استدعا مسترد کرنا انصاف کو جھٹلانے کے مترادف ہوگا جب کہ ہائیکورٹ کی غلطی یا کسی کی غیر سنجیدگی کے باعث کیس کو تکنیکی بنیادوں پر ختم نہیں جا سکتا۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہےکہ نواز شریف حدیبیہ کیس میں اپیل دائر کرنے پر اثر انداز ہوئے۔

واضح رہے کہ حدیبیہ کیس میں لاہور ہائیکورٹ کے دو ججز کے درمیان فیصلہ ٹائی ہوا تھا اور تیسرے ریفری جج نے کیس ختم کرنے کا کہا تھا۔

سپریم کورٹ نے پاناما کیس کے 28 جولائی کے فیصلے میں حدیبیہ پیپرز مل کیس کو دوبارہ کھولنے کا حکم دیا تھا۔

مزید خبریں :