پاکستان
Time 30 نومبر ، 2017

12 ربیع الاول کے جلسوں، جلوسوں کا ٹریفک، سیکیورٹی پلان مرتب

کراچی اور لاہور میں 12 ربیع الاول کے جلسوں اور جلوسوں کے سلسلے میں سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے۔

شہر قائد میں میں پولیس کی 23 ہزار سے زائد کی اضافی نفری تعینات کی جائے گی جبکہ مرکزی جلوس کی گزر گاہوں پر تقریباً 5 ہزار پولیس افسران و اہلکار تعینات ہوں گے۔

دعوت اسلامی کے زیراہتمام ایک جلوس دوپہر ڈھائی بجے کھارادر گارڈن تک، جبکہ دوسرا مولانا اکبر درس کی قیادت میں میمن مسجد کھارادر سے آرام باغ مسجد تک نکالا جائے گا۔

اہلسنت والجماعت کا جلوس شاہ عبدالحق قادری کی قیادت میں کھارادر سے نشتر پارک تک نکالا جائے گا۔

پولیس کے افسران و اہلکار مرکزی جلوس میں موٹر سائیکل، موبائل، پریزن وینز، بکتر بند پر سوار ہو کر جلوس کے راستوں پر سیکورٹی کے فرائض انجام دیں گے، بم ڈسپوزل کی جانب سے جلوس کے راستوں کی سوئپنگ اور اونچی عمارتوں پر اسنائپرز بھی تعینات کئے جائِیں گے۔جلوس کے مرکزی پوائنٹس پر ایمبو لینسز اور فائر برگیدکی گاڑیاں موجود ہونگی۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے 12 ربیع الاول کی مناسبت سے قواعد و ضوابط جاری کردئے گئے ہیں جس کے مطابق پولیس اور ضلعی انتظامیہ اشتعال انگیز تقاریر سے باز رکھنے کے پابند ہوں گے جبکہ کیبل آپریٹرز متنازع تقاریر نشر نہیں کرسکتے۔

پارکنگ کے مقامات جلوسوں اور محافل سے دور رکھے جائیں گے، سرکاری عمارتوں پر سیاسی، فرقہ وارانہ جھنڈے، بینر لگانے کی سخت ممانعت ہوگی۔

دوسری جانب لاہور کی انتظامیہ نے بھی 12 ربیع الاول پر ٹریفک پلان کا اعلان کردیا۔

پلان کے مطابق ضلع کچہری چوک سے داتا دربار، اردو بازار سے موری گیٹ، آزادی فلائی اوور پیر مک یوٹرن، ریٹی گن چوک سے لائر مال کراسنگ، نو لکھا بازار سے میلاد چوک اور میلاد چوک سے اندرون دہلی گیٹ، ایک موریہ سے ریلوے اسٹیشن، حاجی کیمپ سے ظفر شہید چوک اور فوارہ چوک سے میکلوڈ روڈ بند رہیں گی۔

مزید خبریں :