02 دسمبر ، 2017
واشنگٹن: پنٹاگون کا کہنا ہے کہ امریکی سیکریٹری دفاع جیمز میٹس رواں ہفتے 4 دسمبر کو ایک روزہ دورے پر پاکستان آئیں گے۔
پنٹاگون کے مطابق امریکی سیکریٹری دفاع مشرق وسطیٰ، مغربی افریقا اور جنوبی ایشیا کے 5 روزہ دورے پر روانہ ہوگئے ہیں، جس کے پہلے مرحلے میں جیمز میٹس مصر پہنچیں گے، جس کے بعد اردن سے ہوتے ہوئے وہ 4 دسمبر کو پاکستان جائیں گے جبکہ دورے کے آخری مرحلے میں وہ کویت جائیں گے۔
پینٹاگون کے مطابق دورہ پاکستان کے دوران جیمز میٹس کی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات متوقع ہے۔
امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ پاکستان کے موجودہ حالات سے قطع نظر، جیمز میٹس کے دورے میں خطے اور خاص طور پر افغانستان میں قیام امن کا موضوع ایجنڈا پر سرفہرست ہوگا۔
اس کے علاوہ دہشت گردی کے خلاف اتحاد میں انٹیلی جنس شیئرنگ اور مشترکہ مشقوں و دیگر معاملات پر بھی بات چیت کی جائے گی۔
گذشتہ ماہ وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف نے بھی کہا تھا کہ امریکی سیکریٹری دفاع جیمز میٹس دسمبر میں ایک روزہ دورے پر پاکستان آئیں گے۔
اس سے قبل رواں برس اکتوبر میں امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا جس کے دوران پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے متفقہ طور پر امریکی وفد سے ملاقات کی تھی جس میں امریکی حکام کو دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا گیا تھا۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات میں امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے کہا تھا کہ پاکستان خطے میں امریکا کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔
ریکس ٹلرسن نے یہ بھی کہا تھا کہ جنوبی ایشاء میں داعش اور دہشت گرد گروپوں کا خاتمہ دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے۔