معروف بھارتی اداکار ششی کپور انتقال کرگئے


بالی وڈ کے لیجنڈری اداکار ششی کپور طویل علالت کے باعث انتقال کرگئے۔

ششی کپور طویل عرصے سے مختلف بیماریوں کے باعث علیل تھے اور چلنے پھرنے سے پوری طرح معذور تھے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق لیجنڈری اداکار ششی کپور کا انتقال آج ممبئی کے مقامی اسپتال میں ہوا اور ان کی آخری رسومات کل ادا کی جائیں گی۔

ششی کپور نے بطور چائلڈ ایکٹر فلمی کیرئیر کا آغاز کیا اور کئی شہرہ آفاق فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جس میں ’دیوار‘، ’ستیم شوم سندرم‘، شرمیلی‘، ’صالح خان، ’کبھی کبھی‘ اور ’پرورش‘ سمیت کئی فلمیں شامل ہیں۔

آنجہانی اداکار کی بالی وڈ انڈسٹری میں امیتابھ بچن کے ساتھ جوڑی بہت مشہور ہوئی اور ان کی فلم ’دیوار‘ کا ڈائیلاگ ’میرے پاس ماں ہے‘ زبان زد عام ہوا جس سے انہیں خوب شہرت ملی تھی۔

ششی کپور کی فلم کا ایک منظر — فوٹو:ٹوئٹر اکاؤنٹ

ششی کپور کا تعلق بھارتی فلم نگری کے مشہور کپور خاندان سے ہے جو کہ بالی وڈ کے بادشاہ سمجھے جانے والے پرتھوی راج کپور کے بیٹے تھے اور وہ راج کپور اور شمی کپور کے چھوٹے بھائی تھے۔

ششی کپور نے فلمی کیرئیر میں 100 سے زائد فلموں میں کام کیا ہے اور کئی ایوارڈ اپنے نام کیے ہیں جس میں اعلی سول ایوارڈ پدما بھوشن، دادا صاحب پھالکے ایوارڈ، نیشنل فلم ایوارڈ اور دیگر کئی فلمی ایوارڈز شامل ہیں۔

انہوں نے ہندی فلموں کے علاوہ امریکی اور برطانوی فلموں میں کام کیا ہے اور کیرئیر کے عروج پر ہی کئی فلموں کو پروڈیوس اور ہدایت کاری کے فرائض سر انجام دیئے ہیں۔

ششی کپور اپنے دوست امیتابھ بچن اور بھائی راج کپور کے ساتھ — فوٹو بشکریہ ٹوئٹر اکاؤنٹ

ششی کپور کو فلمی دنیا کا سب سے بڑا ایوارڈ دادا صاحب پھالکے ایوارڈ بھی 2015 میں دیا گیا جو کہ کپور خاندان کے تیسرے فرد ہیں جنہیں اس ایوارڈ سے نواز گیا تھا۔

اس سے قبل یہ ایوارڈ ان کے والد پرتھوی راج کپور کو 1971 اور بڑے بھائی راج کپور کو 1987 میں دیا گیا۔

ششی کپور کے انتقال پر بھارتی صدر اور وزیر اعظم، فلم نگری کے اداکاروں سمیت دیگر شعبہ زندگی کے افراد نے بھی افسوس کا اظہار کیا ہے۔


مزید خبریں :