08 دسمبر ، 2017
کراچی: رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ نے پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔
سلمان مجاہد بلوچ کیماڑی کے حلقہ سے قومی اسمبلی کے ممبر منتخب ہوئے تھے۔ کچھ دنوں قبل ان کی ایم کیو ایم پاکستان کی رکنیت ختم کردی گئی تھی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ایس پی سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ میڈیا صرف نمایاں رہنماؤں کی شمولیت کو کوریج دیتا ہے تاہم ہمارے پاس تمام جماعتوں سے سیکٹر انچارجز اور کارکنان سمیت آتے رہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس کی صورتحال پرمسلم امہ میں تشویش پائی جاتی ہے، دین کی بات آتی ہے تو پھر کوئی سمجھوتہ نہیں ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اس معاملے پرحکومت کو ٹھوس قدم اٹھانا چاہیے، حکومت فوری طور پر اقدامات کرے ،دباؤ کا انتظار نہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ باطل مٹ رہا ہے اور لوگوں کےدلوں میں ہماری بات اتررہی ہے، ہم نے پہلے دن سے آج تک جو بات کی ہے، وہ صحیح ہے۔
اس موقع پر سلمان مجاہد نے کہا کہ فاروق ستار سمیت سب کے لندن سے رابطے ہیں جبکہ دعوےآج تک ہوتے ہیں کہ لندن سےکوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مخالف نعرے کیخلاف کھڑے ہوکر ایم کیوایم پاکستان کا ساتھ دیا تھا، نہ چاہتے ہوئے بھی فاروق ستار کا ساتھ دیا۔
سلمان مجاہد نے ایم کیو ایم پاکستان میں دھڑے بندی کا الزام عائد کیا تھا جس کے بعد ان کی ایم کیو ایم پاکستان کی بنیادی رکنیت ختم کردی گئی تھی۔
سلمان مجاہد نے کہا تھا کہ پارٹی میں تقسیم موجود ہے، فاروق ستار، کامران ٹیسوری، کنور نوید، خواجہ سہیل اور ان کے رفقا کا الگ گروپ ہے جب کہ عامر خان، فیصل سبزواری اور خواجہ اظہار کا الگ گروپ ہے۔