کسی جماعت میں ٹارگٹ کلرز کی تنظیم نہیں بننے دیں گے، ڈی جی رینجرز سندھ


کراچی: ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید نے کہا ہے کہ شہر قائد کی کسی جماعت میں ٹارگٹ کلرز کی تنظیم نہیں بننے دیں گے۔

کراچی میں سینئر صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ سوچ پر پہرہ نہیں لگ سکتا لیکن کسی کو ہتھیار اٹھانے نہیں دے سکتے، جن کے نام سے کراچی میں خوف تھا ان کیلیے معافی نہیں، پاکستان کےخلاف کسی قوت کو برداشت نہیں کریں گے۔

ڈی جی رینجرز سندھ نے کہا کہ شہر میں 231 روز جرائم کی شرح صفر رہی، کامیابی شہریوں کے تعاون کے ساتھ حکومت اور سیکیورٹی اداروں کی وجہ سے ملی۔

انہوں نے کہا کہ 2013 سے قبل یومیہ آٹھ سے دس کروڑ بھتہ مانگا جاتا تھا، رواں سال بھتہ خوری کے 4 واقعات رپورٹ ہوئے۔

میجر جنرل محمد سعید نے کہا کہ آپرشن کے چار برسوں میں جرائم میں نمایاں کمی آئی ہے، 2017 میں دہشتگردی کا کوئی واقعہ نہیں ہوا، ٹارگٹ کلنگ میں 45 افراد جاں بحق ہوئے،15واقعات میں انصارالشریعہ ملوث تھی۔

انہوں نے کہا کہ چھری مارنے کے واقعات کو غیرضروری اجاگر کرنے سے شہر کا تاثر خراب ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ 2013 میں کراچی کرائم انڈیکس میں چھٹے نمبر پر تھا لیکن اب 52 کی نچلی سطح پر ہے، رواں سال 1400 سے زائد اسٹریٹ کرمنلز اور ڈاکو پولیس کے حوالے کیے، ان میں ایسے ملزمان بھی تھےجو تیسری اور چوتھی بار گرفتار ہوئے۔

ڈی جی رینجرز کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کو زخمی اور ہلاک کرنے والے ملزمان پر دہشت گردی مقدمات کی تجویز دی ہے۔

مزید خبریں :