پاکستان
Time 16 دسمبر ، 2017

نئے پاکستان کے سفر میں جہانگیر ترین ہمیشہ شانہ بشانہ رہینگے، عمران خان


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان پارٹی کے سابق سیکریٹری جنرل جہانگیر ترین کی حمایت میں کھل کر سامنے آگئے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ ’’جہانگیر ترین ! آپ کے پاس چاہے پارٹی عہدہ رہے یا نہ رہے، اور چاہے آپ پارلیمنٹ کے رکن رہیں یا نہ رہیں، مجھے فرق نہیں پڑتا، نیا پاکستان بنانے کی جانب سفر میں آپ ہمیشہ میرے شانہ بہ شانہ کھڑے ہوں گے‘‘۔

عمران خان کا اپنی ٹوئیٹ میں مزید کہنا تھا کہ نواز شریف اور جہانگیر ترین کے درمیان فرق یہ ہے کہ جہانگیر ترین اصولی موقف اختیار کرتے ہوئے عہدہ چھوڑ دیا لیکن نواز شریف اب بھی پارٹی کے سربراہ ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ اسی طرح نواز شریف کو کرپشن، منی لانڈرنگ، ٹیکس بچانے اور اثاثے چھپانے پر مجرم قرار دیا گیا جبکہ جہانگیر ترین کے خلاف کوئی مالی بے ضابطگی نہیں پائی گئی اور انہیں محض ٹرسٹ ڈیڈ کی تشریح پر نا اہل کیا گیا۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے تاحیات نا اہل قرار دیے جانے کے بعد جہانگیر ترین نے پی ٹی آئی کے سیکریٹری خارجہ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

اس کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی کے اجلاس میں جہانگیر ترین کی نااہلی کے خلاف نظر ثانی درخواست پر سپریم کورٹ کے حتمی فیصلے تک سیکریٹری جنرل کا عہدہ خالی رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز سپریم کورٹ نے جہانگیر ترین کو آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہل قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ جہانگیر ترین نے اپنے بیان میں مشکوک ٹرمز استعمال کیں اور صحیح جواب نہ دینے پر انہیں ایماندار قرار نہیں دیا جاسکتا۔

مزید خبریں :