28 دسمبر ، 2017
لاہور: پیپلز پارٹی نے عام انتخابات میں کسی بھی سیاسی جماعت سے انتخابی اتحاد نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں ہر حلقے میں اپنا امیدوار کھڑا کیا جائے گا اور کسی بھی جماعت سے اتحاد نہیں ہوگا۔
پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کی سینئر قیادت سے مشاورت کے بعد انتخابی حکمت عملی کا فیصلہ کیا اور سینئر قیادت کی مشاورت سے ہی فیصلے کی منظوری بھی دی۔
پیپلز پارٹی کی نئی انتخابی حکمت عملی کے تحت پنجاب اور سندھ میں پارٹی سرگرم کرنے اور عوامی رابطہ مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی تنقید کا سخت جواب دینے سمیت فیصلہ کیا ہے کہ عمران خان جس زبان میں بات کریں گے اسی زبان میں انہیں بھرپور جواب دیا جائے گا۔