فلم ’پدماوتی‘ کا نام تبدیل کرکے ’پدماوت‘ رکھنے کا حکم جاری

فلم ’پدماوتی‘ کا نام تبدیل کرکے ’پدماوت‘ رکھنے کا حکم جاری—اسکرین گریب

بھارت کے سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن (سی بی ایف سی) نے تنازعات کے جال میں پھنسی بالی وڈ فلم ’پدماوتی‘ کا نام تبدیل کرکے ’پدماوت‘ رکھنے کا حکم جاری کردیا۔

گزشتہ دنوں فلم سنسر بورڈ کے اسپیشل پینل نے کافی غورو خوض کے بعد فلم کا نام ’پدماوتی‘ سے ’پدماوت‘ رکھنے کا کہا تھا، جس کی بنا پر سی بی ایف سی کی ذیلی کمیٹی نے فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی کو حکم جاری کیا کہ فلم کا نام ’پدماوت‘ رکھا جائے۔

سنسر بورڈ کے اسپیشل پینل میں تاریخ دان اور رانی پدمنی کے خاندان کا ایک فرد بھی شریک تھا۔

بھارتی نیوز ویب سائٹ دکن کرونیکل کی ایک رپورٹ کے مطابق سی بی ایف سی کا کہنا ہے کہ چونکہ فلم ساز کا دعویٰ ہے کہ فلم صوفی شاعر ملک محمد جیسی کی ایک نظم ’پدماوت‘ پر مبنی ہے اس لیے انہیں فلم کا نام بھی تبدیل کرنا ہوگا۔

تاہم سی بی ایف سی نے یہ یقین دہانی کروائی ہے کہ اس سے فلم میں اداکارہ دپیکا پڈوکون کے  کردار پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

دوسری جانب کچھ ذرائع کے مطابق فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی نے فلم کا نام تبدیل کرنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے جب کہ کچھ کا کہنا ہے کہ وہ اب بھی اپنی بات پر ڈٹے ہوئے ہیں ۔

علاوہ ازیں فلم کو کئی تبدیلیوں کے ساتھ ریلیز کی مشروط اجازت ملنے پر انتہا پسند ایک بار پھر دھکمیوں پر اتر آئے ہیں اور انہوں نے فلم کی نمائش کی اجازت کا فیصلہ کسی بھی صورت نہ ماننے کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی فلم ’پدماوتی‘ یکم دسمبر کو ریلیز ہونا تھی لیکن انتہا پسندوں کی دھمکیوں کے باعث فلم کی نمائش موخر کردی گئی تھی۔

مزید خبریں :