07 جنوری ، 2018
پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز کی دریافت فاسٹ بولر سلمان ارشاد نے آسٹریلوی کلب کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنی بولنگ سے سب کو حیران کردیا۔
آسٹریلیا کی سیکنڈ گریڈ کرکٹ میں مقامی ہاکس بری کرکٹ کلب کی نمائندگی کرتے ہوئے سلمان ارشاد نے اپنی فتح گر کارکردگی دکھاتے ہوئے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جس میں ان کی ہیٹ ٹرک بھی شامل تھی۔
سلمان نے 9 اوورز میں 50 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا جس کی بدولت ان کی ٹیم ہاکس بری نے رینڈوک پیٹرشام کو 93 رنز سے شکست دے دی۔
سلمان اب تک ہاکس بری کی جانب سے 5 سیکنڈ ڈویژن میچز کھیل چکے ہیں اور محض 12.95 کی اوسط سے 22 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے اپنے صلاحیتوں کا لوہا منواچکے ہیں۔
خیال رہے کہ سلمان ارشاد کو پی ایس ایل فرنچائز لاہور قلندرز نے اپنے ایمرجنگ ٹیلنٹ پروگرام کے تحت کشمیر سے منتخب کیا تھا اور وہ فروری میں شروع ہونے والے پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن میں لاہور قلندرز کی بھی نمائندگی کریں گے۔
سلمان ارشاد نے لاہور قلندرز رائزنگ اسٹارز ٹیم کے ساتھ آسٹریلیا کا دورہ بھی کیا تھا جہاں ان کی شاندار بولنگ سے متاثر ہوکر سیکنڈ گریڈ کرکٹ کے کلب ہاکس بری نے انہیں معاہدے کی پیشکش کی تھی۔
سلمان ارشاد اب پاکستان سپر لیگ میں اپنے جوہر دکھانے کو تیار ہیں اور جیو نیوز سے گفتگو میں سلمان کہتے ہیں کہ لاہور قلندرز نے انہیں کشمیر کی وادی سے پی ایس ایل کے اسٹیج تک پہنچادیا جس پر وہ بے حد خوش ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز کی مینجمنٹ نے انہیں بہت اعتماد دیا ہے اور پی ایس ایل میں وہ اس اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔
سلمان ارشاد نے بتایا کہ پی ایس ایل ٹیم میں منتخب ہونے کے بعد انہیں پورے کشمیر سے مبارکباد کے پیغامات موصول ہوئے ہیں جس نے اس دن کو ان کیلئے سب سے خوشگوار بنادیا ہے۔