14 جنوری ، 2018
پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضام الحق کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز مختلف ضرور ہیں مگر اس کو شکست کا جواز بنانا درست نہیں ہے۔
یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم دورہ نیوزی لینڈ میں 5 ایک روزہ میچز کی سیریز کے ابتدائی 3 میچز میں شکست سے دوچار ہوکر سیریز گنوا چکی ہے۔
قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے بھی کہا تھا کہ نیوزی لینڈ کی باؤنسی وکٹوں کی وجہ سے پاکستانی بیٹسمینوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
لیکن اب چیف سلیکٹر انضمام الحق نے میزبان ملک کی کنڈیشنز کو ذمہ دار ٹھہرانے کو غلط قرار دے دیا ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انضمام الحق کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز مختلف ضرور ہیں مگر اس کو جواز بنانا درست نہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیریز کے دوارن کوئی بیان دے کر کھلاڑیوں کا مورال مزید نہیں گراناچاہتا۔
چیف سلیکٹر سے جب صحافی نے شکست کی ذمہ داری قبول کرنے کا سوال کیا تو ان کا کہنا تھا کہ سیریز ختم ہونے دیں پھر ساری ذمہ داری مجھ پر ڈال دینا۔
انہوں نے کہا کہ ماننا پڑے گا کہ ٹیم برا کھیلی ہے اور اس حوالے سے کپتان ہو یا کھلاڑی سب سے پوچھیں گے۔
دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے نیوزی لینڈ کے ہاتھوں پے در پے شکست کے بعد سرفراز احمد کو مشورہ دیا ہے۔
کراچی میں میڈیا سے بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ سرفراز کو خود پرفارم کرنا ہوگا کیوں کہ کپتان پرفارم کرتا ہے تو ٹیم بھی پرفارم کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہی ٹیم چیمپئنز ٹرافی جیت کر آئی تھی لہٰذا سب ٹیم کو سپورٹ کریں۔
یونس خان نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں کنڈیشنز مختلف ضرور ہوتی ہیں لیکن اس میں ایڈجسٹ ہونا پلیئرز کی ذمہ داری ہے اور کھلاڑیوں کو ہر طرح کی کنڈیشن میں ڈھلنا پڑے گا۔