پاکستان
Time 14 جنوری ، 2018

اے ٹی ایم سے اسکمنگ کے ذریعے رقم نکالنے میں ملوث مزید 3 چینی باشندے گرفتار


کراچی پولیس نے اسکِمنگ کے ذریعے مختلف بینکوں کے اے ٹی ایم سے رقم نکالنے میں ملوث مزید 3 چینی باشندے گرفتار کرلیے۔

ایس پی کلفٹن اسد اعجاز نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ان افراد کو گزشتہ شب ڈیفنس فیز ٹو سے گشت کے دوران گرفتار کیا گیا تاہم دو افراد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہے۔

اسد اعجاز کے مطابق معمول کی گشت کے دوران پانچ غیر ملکیوں کو بینک کے باہر گھومتے دیکھا گیا جن میں سے 3 گرفتار جبکہ دو فرار ہوگئے۔ پکڑے گئے افراد کی تلاشی لی گئی تو ان کے پاس سے 24 لاکھ روپے نقدی برآمد ہوئی۔

اسد اعجاز کے مطابق برآمد کی گئی رقم مختلف بینکوں کے اے ٹیم ایم سے رات میں اسکِمنگ کے ذریعے نکالی گئی۔

گرفتار افراد کی نشاندہی پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک اور شخص کو حراست میں لے لیا جو ان افراد کو رہائش فراہم کرتا تھا۔

ایس پی کلفٹن نے بتایا کہ یہ دو، چار لوگ نہیں ہیں بلکہ منظم گروہ شہر میں کارروائی کررہا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل علی الصبح پولیس نے ٹیپو سلطان روڈ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ایک چینی باشندے کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے لاکھوں روپے نقدی اور اسکمنگ ڈیوائس برآمد کی۔

پولیس مددگار 15 پر مشکوک افراد کی موجودگی کی اطلاع پر یہ کارروائی کی گئی تاہم اس دوران 3 افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے اے ٹی ایم مشین میں نصب کی جانے والی اسکمنگ ڈیوائس اور ساڑھے 6 لاکھ روپے نقدی برآمد کرلی گئی ہے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل بھی پولیس نے 2 چینی باشندوں کو نجی بینک کے اے ٹی ایم میں اسکمنگ مشین لگاتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا تھا جو ان دنوں پولیس ریمانڈ پر ہیں۔

چند ماہ قبل اے ٹی ایم اسکمنگ کے ذریعے فراڈ کی وارداتوں کا انکشاف ہوا تھا جس میں کئی شہریوں کا ڈیٹا ہیک کرکے ان کے اکاؤنٹ سے رقوم نکلوائی گئی تھیں۔

صارفین اور بینکوں کی شکایات پر ایف آئی اے کئی ہفتوں سے ملزمان کی تلاش میں مصروف تھا۔

اسکِمنگ کیا ہے؟

اے ٹی ایم مشین میں ٹیکنالوجی سے نقب لگانے کا طریقہ اسکمنگ کہلاتا ہے۔

کبھی اے ٹی ایم کی کارڈ سلاٹ پر دو نمبر کارڈ ریڈر چپکادیا جاتا ہے، کہیں دو نمبر کی پیڈ اے ٹی ایم پر سجادیا جاتا ہے۔

جرم کی اس کہانی میں ایک اور ٹوئسٹ خفیہ کیمرے کا ہے جس کی آنکھ اے ٹی ایم کا پن کوڈ ریکارڈ کرکے سارا ڈیٹا اپنے کرائم ماسٹر تک پہنچا دیتی ہے۔ کچھ اسکمرز اے ٹی ایم کا ڈسپلے ہی بدل دیتے ہیں۔

اسکِم سے کیسے بچیں؟

اس اسکم سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ جس مشین میں آپ اپنا اے ٹی ایم کارڈ ڈال رہے ہیں وہ اس کے ساتھ کوئی مشتبہ چیز تو نہیں جڑی ہوئی۔

اسکمر کے لیے آپ کا پن کوڈ بہت اہم ہے جس کے بغیر چوری ممکن نہیں۔ جب آپ اپنا پن کوڈ مشین میں ڈالیں تو یہ کام چھپا کر کریں تاکہ اسکمر کیمرے کی مدد سے اسے نہ دیکھ پائے۔

اگر کسی اے ٹی ایم مشین کے ساتھ آپ کو کوئی مسئلہ دکھائی دے تو وہاں سے اپنے پیسے نہ نکالیں اور بینک انتظامیہ کو رپورٹ کریں۔

مزید خبریں :