19 جولائی ، 2012
دادو…دادو کے قریب گاج ندی میں نہاتے ہوئے 3 بچے دوب گئے، دو کو بچالیا گیا لیکن ایک کی جان چلی گئی۔کیرتھر کے پہاڑی سلسلے میں طوفانی بارشوں کے بعد جوہی کے قریب گاج ندی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے، لیکن علاقے کے لوگ گرمی کی شدت سے بچنے کیلئے گاج ندی کا رخ کررہے ہیں۔ پورا دن بچے اور جوان ندی میں غوطے لگاکر گزارتے ہیں،جمعرات کے دن بھی علاقے کے بچے ندی میں نہارہے تھے کہ اچانک ندی کے پانی نے زور پکڑا اور تین بچے ڈوب گئے۔آٹھ سے بارہ سالہ بچوں کی تلاش میں علاقے کے لوگوں نے ندی میں چھلانگ لگادی۔ دو بچوں کو ندی سے ڈھونڈ کر زندہ نکال لیا گیا، لیکن 8 سالہ لعل بخش تک جب تک لوگ پہنچے وہ جاں بحق ہو چکا تھا ۔