Time 08 فروری ، 2018
پاکستان

نظام الدین سیالوی کا سیاست سے دستبرداری کا اعلان

روحانی لحاظ سے انتہائی با اثر حلقے سیال شریف سے تعلق رکھنے والے غلام نظام الدین سیالوی نے سیاست سے دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ سیال شریف کی سیاست کا فیصلہ سجادہ نشین سیال شریف کریں گے۔

کچھ روز قبل انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ لاہور کے حالیہ دھرنے کے انعقاد کے لیے انہیں پیسوں کی پیشکش کی گئی تھی کیونکہ صرف ریلیوں کے نتیجے میں اصل مقاصد پورے نہیں ہو رہے تھے۔

ایک نجی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں پنجاب کے رکن صوبائی اسمبلی نظام الدین سیالوی کا کہنا تھا کہ حالیہ دھرنوں کے پیچھے بعض قوتوں کا ہاتھ تھا جو جمہوری حکومت کو ہٹانا چاہتی تھیں اور یہ بھی کہ سازشوں کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

نظام الدین سیالوی نے انکشاف کیا کہ حقیقتاً بعض قوتیں ان تمام دھرنوں کے پیچھے ہیں اور مذہب کو آلہ کار کے طور پر استعمال کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ختم نبوت کا معاملہ صرف سیاسی فوائد کے حصول کے لیے استعمال کیا گیا حالانکہ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے واضح بیان کے بعد یہ معاملہ حل ہوجانا چاہیے تھا۔

نظام الدین نے انکشاف کیا کہ بعض قوتیں سیال شریف کے پیر حمیدالدین سیالوی کو حکومت کے خلاف اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کرنا چاہتی تھیں۔

واضح رہے کہ حال ہی میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے سیال شریف کا دورہ کرکے پیر آف سیال شریف سے ملاقات کی اور رانا ثناء اللہ کے بیان اور د یگر واقعات کے حوالے سے پیدا ہونے والی غلط فہمی پر وضاحت پیش کی۔

دوسری جانب نواز لیگ کے صدر نواز شریف بھی متعدد مرتبہ اُن بعض قوتوں کی سازشوں کی جانب اشارہ کر چکے ہیں جو پاکستان کو اپنے مفادات اور کچھ ایجنڈوں پر عمل کے لیے پاکستان کو پیچھے دھکیلنا چاہتی ہیں۔

مزید خبریں :