ننھے تیمور کے نانا 'پاپارازیوں' سے ناراض

بالی وڈ کی خوبرو اداکارہ کرینہ کپور کے والد اور تیمور علی خان کے نانا رندھیر کپور اپنے نواسے کی ہر وقت، ہر موقع کی تصاویر کھینچنے والے پاپارازیوں (آزاد فوٹوگرافرز) سے کچھ ناراض نظر آتے ہیں۔

حال ہی میں راج کپور کے پہلے ایڈیشن ایوارڈ تقریب میں رندھیر کپور نے شرکت کی جہاں انہوں نے آج کل کے میڈیا کلچر خصوصاً پاپارازی کے بارے میں گفتگو کی۔

بھارتی ویب سائٹ انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق رندھیر کپور کا کہنا تھا کہ وہ روز  صبح اٹھ کر جب بھی اخبار پڑھتے ہیں تو انہیں اپنے نواسے (کرینہ کپور کے صاحبزادے) تیمور کی تصاویر نظر آتی ہیں جو انہیں بالکل پسند نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 'بچوں پر ابھی سے میڈیا کی توجہ انہیں عام زندگی اور ان کی معصومیت سے دور کر دیتی ہے جو کہ غلط ہے'۔

انہوں نے بتایا کہ 'اب تو ہر کوئی پہچان جاتا ہے کہ یہ تیمور ہے، ایسا لگتا ہے کہ جیسے میڈیا تصاویر کھینچنے اور خبر لینے کے لیے گھر کے نیچے ہی بیٹھا ہے '۔

اس تقریب میں رندھیر کپور کے علاوہ ان کے بھائی رشی کپور اور راجیو کپور نے بھی شرکت کی۔

اداکار رشی کپور نے بھی اپنے بھائی کی بات کو درست قرار دیا اور کہا کہ 'اب سوشل میڈیا کا کافی زور ہے، پہلے کبھی 15 روز میں جاکر کوئی خبر کسی جریدے میں شائع ہوتی تھی اب تو آئے دن فلموں اور فنکاروں کے حوالے سے خبر مل جاتی ہے'۔

رندھیر کپور نے پاپارازی پر مزید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'آج کل ایک اور رجحان چل پڑا ہے اور میڈیا ایئرپورٹ اور جم جاتے وقت کی تصاویر بھی لے لیتا ہے'۔

 جس پر رشی کپور نے اضافہ کیا کہ 'کسی کی موت کے موقع پر کیسا 'لُک' ہے، میڈیا  اس کی تصاویر بھی لے کر خبر شائع کر دیتا ہے'۔

واضح رہے کہ اداکار سیف علی خان اور کرینہ کپور کے صاحبزادے تیمور علی خان اپنی پیدائش سے ہی میڈیا کی توجہ کا مرکز ہیں۔

ان کی لی گئی ہر تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوجاتی ہے، یہاں تک کہ کسی بھی تقریب میں تیمور موجود ہو تو سب کی توجہ ان کی جانب مبذول ہوجاتی ہے۔

مزید خبریں :