کراچی: عائشہ منزل کے قریب ٹرک کی ٹکر سے باپ، بیٹی جاں بحق


کراچی کے علاقے عائشہ منزل کے قریب ٹرک کی موٹر سائیکل سے ٹکر کے نتیجے میں باپ اور بیٹی جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق واقعے کے بعد ٹرک ڈرائیور گلزار کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ ٹرک بھی پولیس کی تحویل میں ہے۔

حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج جیو نیوز نے حاصل کرلی ہے۔ حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم علاقہ مکینوں نے پکڑکر پولیس کے حوالے کردیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں ایم اے جناح روڈ پر ریس لگاتی تیز رفتار بس نے موٹر سائیکل سوار کو روند دیا جس سے باپ کے ساتھ سوار اس کی 4 سالہ اکلوتی بیٹی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔

ایم اے جناح روڈ سے نمائش جانے والی سڑک پر ایک نجی اسکول کے سامنے دو بسوں کے ڈرائیور انتہائی تیز رفتاری سے ریس لگارہے تھے کہ اس دوران بیٹی کو اسکول چھوڑنے جانے والے موٹرسائیکل سوار کو ایک بس نے ٹکر دے ماری۔

حادثے کے نتیجے میں موٹرسائیکل دور جاگری جس سے موٹرسائیکل سوار شدید زخمی ہوگیا جب کہ اس کی 4 سالہ اکلوتی بیٹی سکینہ بس کے پچھلے پہیے کے نیچے آکر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔

رواں سال مارچ میں سندھ حکومت نے سندھ ہائی کورٹ کے احکامات کے بعد شہری میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر صبح 6 بجے سے رات 11 بجے تک پابندی عائد کی تھی۔

عدالت نے کہا کہ ہیوی ٹریفک سے بھی دہشت گردی پھیلائی جارہی ہے، 15ماہ میں 250 افرادکو ٹریفک حادثات میں ماردیا گیا۔

عدالت نے حکم دیا کہ ٹول پلازہ سے پہلے ہیوی ٹریفک کے دستاویزات، ڈرایئونگ لائسنس چیک کرنے کا پوائنٹ بنایا جائے، صبح  6سے رات 11 بجے تک ہیوی ٹریفک کو شہر میں داخلے کی اجازت نہ دی جائے۔

یہ پابندی تین ماہ تک جاری رہی تھی۔

مزید خبریں :