دنیا
Time 16 فروری ، 2018

جنوبی افریقا کے نئے صدر رامافوسا نے عہدے کا حلف اٹھالیا

کیپ ٹاؤن: جنوبی افریقا کی حکمراں جماعت افریقن نیشنل کانگریس کے سربراہ سرل رامافوسا نے صدر مملکت کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔

سابق صدر جیکب زوما کے استعفیٰ کے 24 گھنٹے کے اندر ہی جنوبی افریقا کے نئے صدر سرل رامافوسا نے عہدے کا حلف اٹھایا اور پارلیمنٹ میں مختصر خطاب کے دوران کہا کہ وہ بھرپور محنت کریں گے اور عوام کو کبھی مایوس نہیں کریں گے۔

نئے صدر نے اراکین پارلیمنٹ کو یقین دلایا کہ وہ اپوزیشن کے ساتھ مل کر کام کریں گے اور کرپشن کا خاتمہ کریں گے جب کہ آئندہ انتخابات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اگلے سال صدارت کی مدت پوری ہونے پر وہ عہدہ چھوڑ کر نئے انتخابات کرائیں گے۔

کرپشن الزامات، خراب معاشی صورتحال اور بے روزگاری میں اضافے جیسے الزامات کے بعد جیکب زوما نے پارٹی کے شدید دباؤ پر گزشتہ روز عہدے سے استعفیٰ دیا جس کے بعد حکمراں جماعت افریقن نیشنل کانگریس نے پارٹی سربراہ سرل رامافوسا کو صدارت کے عہدے کے لئے نامزد کیا تھا۔

خیال رہے کہ حکمراں جماعت کے سربراہ سرل رامافوسا نے 13 فروری کو سابق صدر جیکب زوما کی رہائشگاہ پر طویل ملاقات کی تھی جس کے بعد پارٹی کی ایگزیکٹو کمیٹی کی جانب سے انہیں عہدہ چھوڑنے کے لئے دو روز کی مہلت دی گئی تھی۔

15 فروری کو صدارت کے عہدے سے استعفے کا اعلان کرتے ہوئے جیکب زوما کا کہنا تھا کہ  پارٹی قیادت کے فیصلے سے اتفاق نہیں کرتا، جس جماعت کے ساتھ عمر بھر وابستہ رہا اور ہمیشہ اصولوں کا پابند رہا، اس کے ساتھ آئندہ بھی رہ کر جنوبی افریقا کے عوام کی خدمت کرتا رہوں گا۔


مزید خبریں :