دنیا
Time 15 فروری ، 2018

جنوبی افریقا کے صدر جیکب زوما نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

کیپ ٹاؤن: جنوبی افریقا کے صدر جیکب زوما نے کرپشن الزامات کے بعد پارٹی کے شدید دباؤ پر عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

افریقن نیشنل کانگریس پارٹی سے تعلق رکھنے والے صدر جیکب زوما مطمئن انداز میں میڈیا کے سامنے آئے اور اپنے استعفیٰ کا اعلان کیا۔

جیکب زوما نے کہا کہ ان کی جماعت کی ایگزیکٹو کمیٹی میں تقسیم اور غم وغصے نے انہیں صدارت سے استعفیٰ دینے پر مجبور کیا جس کے بعد فیصلہ کیا کہ عہدے سے استعفیٰ دے دوں۔

انہوں نے کہا کہ میں پارٹی قیادت کے فیصلے سے اتفاق نہیں کرتا، جس جماعت کے ساتھ عمر بھر وابستہ رہا اور ہمیشہ اصولوں کا پابند رہا، اس کے ساتھ آئندہ بھی رہ کر جنوبی افریقا کے عوام کی خدمت کرتا رہوں گا۔

2009 کے بعد سے مسند اقتدار سنبھالنے والے جیکب زوما کو کرپشن اسکینڈلز، معیشت کی بدحالی اور بے روزگاری میں اضافے جیسے الزامات کا سامنا تھا اور ان کی صدارت کی دوسری مدت آئندہ سال مکمل ہونا تھی۔ 

خیال رہے کہ حکمراں جماعت کے سربراہ سرل رامافوسا نے 13 فروری کو صدر زوما کی رہائشگاہ پر طویل ملاقات کی تھی جس کے بعد پارٹی کی ایگزیکٹو کمیٹی کی جانب سے انہیں عہدہ چھوڑنے کے لئے دو روز کی مہلت دی گئی تھی۔

مزید خبریں :