پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن سے مستقبل کے ہیروز ملنے کی امید

پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن سے حسن علی، محمد نواز اور محمد اصغر منظر عام پر آئے، دوسرے ایڈیشن کی دریافت شاداب خان، فخر زمان اور رومان رئیس بنے، اب تیسرے ایڈیشن میں بھی نوجوان اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کو تیار ہیں۔

پی ایس ایل کی ٹیموں میں ایمرجنگ پلیئرز بھی شامل ہیں اور ٹیلنٹ ہنٹ کے کھلاڑی بھی موجود ہیں۔

لاہور قلندرز کی ٹیم میں انڈر 19 کھلاڑی شاہین شاہ آفریدی ہیں، ان کے ساتھ ٹیلنٹ ہنٹ سے سامنے آنے والے کشمیری نوجوان سلمان ارشاد بھی اپنا ہنر دکھانے کیلئے بے تاب ہیں جبکہ سہیل اختر بھی اونچے اونچے شاٹس لگانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ میں انڈر 19 کھلاڑی روحیل نذیر ہیں جبکہ بیٹسمین صاحبزادہ فرحان اور وکٹ کیپر محمد حسن بھی کچھ کر دکھانے کی جستجو میں ہیں۔

کراچی کنگز میں ٹیلنٹ ہنٹ سے شامل ہوئے مشتاق کلہوڑو، محمد طٰحہ اور حسن محسن جبکہ نئی ٹیم ملتان سلطانز کے اسکواڈ میں انڈر 19 کے کرکٹر عبداللہ شفیق شامل ہیں۔

پشاور زلمی نے بھی خوشدل شاہ، ابتسام شیخ اور تیمور سلطان کو اسکواڈ میں شامل کیا ہے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بلوچستان کے کرکٹر محمد جنید اور اعظم خان کو اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔

پی ایس ایل تھری کا شیڈول

پاکستان سپر لیگ کی گہما گہمی شروع ہوچکی ہے ، چھ ٹیموں کے ایونٹ کا آغاز 22 فروری کو دبئی میں ہوگااور فائنل 25 مارچ کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔

پی ایس ایل تھری میں پشاور زلمی، اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، کراچی کنگز، ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

پہلے تو ایونٹ میں شریک تمام ٹیمیں آپس میں دو دو بار ٹکرائیں  اور 22 فروری سے شروع ہونے والا ایونٹ کا یہ پہلا مرحلہ 16 مارچ تک جاری رہے گا۔اس مرحلے کے تمام 30 میچز کی میزبانی دبئی اور شارجہ کریں گے۔

ان میں سے 17 میچز دبئی اسٹیڈیم میں ہوں گے جبکہ 13 میچز کی میزبانی شارجہ کا تاریخی اسٹیڈیم کرے گا۔

لیگ میچز کے بعد ٹاپ ٹو ٹیمز پہلے کوالیفائر میچ میں 19 مارچ کو مد مقابل ہوں گی۔

اس کے بعد پی ایس ایل کی رونقیں لاہور اور کراچی میں بکھریں گی، دونوں ایلیمنیٹر میچز 20 اور 21 مارچ کو قذافی اسٹیدیم میں ہوں گے اور ایونٹ کا فائنل 25 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :