Time 26 فروری ، 2018
پاکستان

سابق وفاقی وزیر جاوید اشرف قاضی سمیت 4 افراد کے نام ای سی ایل میں شامل

وزارت داخلہ نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی درخواست پر سابق وفاقی وزیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) جاوید اشرف قاضی سمیت 4 افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈال دیئے۔

ریلوے کی قیمتی اراضی سستے داموں لیز پر دینے کے مقدمے میں سابق وفاقی وزیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) جاوید اشرف قاضی، سابق چیئرمین ریلوے بورڈ لیفٹیننٹ جنرل (ر) سعید الظفر، سابق جی ایم ریلوے میجر جنرل ریٹائرڈ حامد حسن بٹ اور برگیڈیئر (ر) اختر علی کے نام ای سی ایل میں آگئے۔

نیب نے 2 روز قبل ہی ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے وزرات داخلہ کو مراسلہ بھیجا تھا جس میں کہا گیا کہ قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے میں ملوث ان افراد کو بیرون ملک فرار سے روکنے کے لیے ان کے نام ای سی ایل میں شامل کیے جائیں۔

ملزمان پر قومی خزانے کو 2 ارب روپے سے زائد کا نقصان پہچانے کا الزام ہے۔

دوسری جانب ای سی ایل میں نام ڈالنے پر لیفٹیننٹ جنرل (ر) جاوید اشرف قاضی نے  رد عمل میں کہا کہ رائل پام کیس میں مذاکرات کیے نہ ڈیل اور نہ ہی معاہدے پر میرے دستخط ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معاملہ نیب اور پارلیمینٹ کی خصوصی کمیٹیوں میں زیر بحث رہا جس کے بعد ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ میں تا حال زیر سماعت ہے۔

سابق وفاقی وزیر کے مطابق منصوبے سے پاکستان ریلوے کو کروڑوں روپے کا فائدہ ہوا جب کہ رائل پام معاہدہ سب سے زیادہ بولی دینے والی کمپنی کے ساتھ کیا گیا لیکن اس منصوبے کو خراب کرنے والے تمام باہر کے لوگ ہیں۔

یاد رہے کہ سابق وفاقی وزیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) جاوید اشرف قاضی پرویز مشرف کے دور میں وزیر مواصلات رہے ہیں۔ 

مزید خبریں :