Time 04 مارچ ، 2018
پاکستان

اسلام آباد ایئرپورٹ پر سیگریٹ نوشی سے منع کرنے پر سابق آئی جی پنجاب کے بیٹے کا مسافر پر تشدد

فوٹو: فائل

اسلام آباد کے بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سابق آئی جی پنجاب عثمان خٹک کے بیٹنے نے ممنوعہ علاقے میں سگریٹ نوشی کرنے سے منع کرنے پر اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر مسافر کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

رپورٹ کے مطابق مسافر عدیل خان بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اپنے سامان کا انتظار کر رہا تھا کہ اس نے ایک شخص کو ممنوعہ علاقے میں سگریٹ نوشی کرتے دیکھا۔

سرکاری ملازم عدیل خان یہ منظر دیکھ کر سگریٹ نوشی کرنے والے شخص کے پاس گیا اور اس سے کہا کہ آپ کی وجہ سے دیگر لوگ پریشان ہو رہے ہیں جس پر سابق آئی جی پنجاب کے بیٹے محسن خٹک نے اپنے دو دوستوں کے ساتھ مل کر عدیل خان کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

عدیل خان نے سول ایوی ایشن اتھارٹی اور اسلام آباد پولیس کو اپنی تحریری درخواست میں کہا ہے کہ محسن اور اس کے دو ساتھیوں نے مل کر انہیں تشدد کا نشانہ بنایا، کپڑے پھاڑے اور بدتمیزی بھی کی۔

وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے بھی واقعے کا نوٹس لیا اور اسلام آباد پولیس کو مکمل انکوائری 48 گھنٹے میں جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

عدیل خان کے علاوہ اس وقت ایئرپورٹ پر موجود دیگر مسافروں نے بھی محسن خٹک کے خلاف تشدد کی شکایات درج کرائیں تاہم سی اے اے اور ایئرپورٹ سیکیورٹی کے اہلکار اس واقعے سے لاپروا رہے اور معاملے میں مداخلت نہیں کی۔

مزید خبریں :