عاصمہ رانی قتل کا مرکزی ملزم شارجہ سے گرفتار

کوہاٹ میں میڈیکل کالج کی طالبہ کو قتل کیس کے مرکزی ملزم مجاہد آفریدی کو شارجہ سے گرفتار کر لیا گیا۔

آئی جی خیبر پختونخوا صلاح الدین محسود کا کہنا ہے کہ انٹرپول نے ملزم مجاہد کو شارجہ کے صنعتی علاقے سے گرفتار کر لیا ہے اور ملزم کو دستاویزی کارروائی مکمل کر کے پاکستانی حکام کے حوالے کر دیا جائے گا۔

صلاح الدین محسود کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا پولیس ملزم کی گرفتاری کے لیے شارجہ پولیس کے ساتھ تین سے 4 ہفتوں سے رابطے میں تھی اور ملزم کو پاکستان لانے میں وقت لگ سکتا ہے۔

دوسری جانب عاصمہ رانی کے والد غلام آفریدی کا کہنا ہےکہ جب تک ملزم مجاہد آفریدی کی گرفتاری کی تصویر نہیں دیکھ لیتا اُس وقت تک یقین نہیں کر سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی جی خیبر پختونخوا کا بیان اپنی جگہ لیکن تسلی کے لیے ملزم کو تحویل میں دیکھناچاہتا ہوں۔

انھوں نے جیو نیوز کو بتایا کہ انھیں حکومت سےانصاف ملنے کی امید ہے۔

خیال رہے کہ 28 جنوری کو کوہاٹ میں میڈیکل کی طالبہ عاصمہ رانی کو رشتہ نہ دینے پر مجاہد آفریدی نامی شخص نے فائرنگ کا نشانہ بنایا تھا جس سے لڑکی جاں بحق ہو گئی تھی۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے معاملے کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے آئی جی خیبر پختونخوا سے رپورٹ بھی طلب کی تھی۔

عاصمہ کے قتل میں نامزد ملزم صدیق آفریدی کو گرفتار کرلیا گیا تھا جبکہ مرکزی ملزم مجاہد آفریدی بیرون ملک فرار ہو گیا تھا جس پر کے پی کے پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے رابطہ کیا تھا۔

مزید خبریں :