Time 09 مارچ ، 2018
پاکستان

کراچی کو زندگی گزارنے کے قابل شہر بنانے کیلئے 10 ارب ڈالر کی ضرورت ہے، ورلڈ بینک

عالمی بینک نے کہا ہے کہ کراچی کو اگر زندگی گزارنے کے قابل شہر بنانا ہے تو اس پر 10 ارب ڈالر خرچ کرنے کی ضرورت ہے۔

ورلڈ بینک کی رپورٹ کے مطابق کراچی کو ٹرانسپورٹ، ٹوٹی پھوٹی سڑکوں، پانی کی فراہمی اور نکاسی، کچرے، تجاوزات، بڑھتی آبادی اور آلودگی کے مسائل کا سامنا ہے۔

عالمی بینک کے مطابق کراچی میں انفرا اسٹرکچر کی بہتری کے لیے 10 ارب ڈالر یعنی 11 کھرب روپے خرچ کرنے اور 10 سال کی منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔

عالمی بینک کی رپورٹ میں کراچی کے اربن ٹرانسپورٹ سسٹم، پانی کی فراہمی اور نکاسی آب اور کچرے کو ٹھکانے لگانے کے نظام کی خامیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ان خامیوں کی وجہ سے کراچی کے عوام کے معیار زندگی میں تیزی سے زوال آیا ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان کی کُل شہری آبادی کا پانچواں حصہ کراچی میں رہتا ہے لیکن اس کے باوجود یہ شہر توجہ سے محروم ہے۔

ورلڈ بینک کے مطابق کراچی میں سیکیورٹی کی صورت حال بہتر ہوئی ہے لیکن غریب آبادیوں کو فوری توجہ کی ضرورت ہے۔

مزید خبریں :