13 مارچ ، 2018
کراچی: شہری نے اغوا کے بعد زبردستی نکاح کرانے کا دعویٰ کیا ہے جسے پولیس نے ڈرامہ قرار دے دیا۔
کراچی میں دوسری شادی یا جبری نکاح کا انوکھا واقعہ سامنے آیا ہے جس میں بفرزون کے رہائشی نے اغوا کیے جانے کے بعد زبردستی نکاح کرانے کا دعویٰ کیا۔
تیموریہ پولیس کے مطابق 10 مارچ کو تھانے میں سبط انور نامی شخص کے اغوا ہونے کا مقدمہ اس کے بھائی کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا ۔
مغوی کی اہلیہ نے پولیس کو بیان دیا کہ شوہر کا فون آیا تھا جس میں سبط انور نے اغوا کاروں کی جانب سے زبردستی شادی کروانے کے بارے میں بتایا۔
اہلیہ کے مطابق سبط انور نے بتایا کہ ایک ماہ قبل قائدآباد میں اس کی گاڑی کی ٹکر سے خاتون اسکول ٹیچر کی ٹانگ ٹوٹ گئی تھی اور اغواء کار اب اس سے زبردستی شادی کروا رہے ہیں۔
پولیس کی جانب سے موبائل نمبر کی لوکیشن پر چھاپہ بھی مارا گیا لیکن کوئی کامیابی حاصل نہ ہوئی لیکن مغوی 11 مارچ کی صبح خود گھر پہنچ گیا۔
پولیس کے مطابق سبط انور نے دوسری شادی کرنے کے لئے اغوا کا ڈرامہ کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سبط انور جنوری 2018 میں دوسری شادی کرچکا تھا جس سے اس کے گھر والے لاعلم تھے اور یہ دوسری شادی کا صرف بہانہ ہے۔